نفرت کی بنیاد پر ٹیکسی ڈرائیور آفتاب عالم کے قتل کیے جانے کے بعد اب جمعیت علماء ہند نے ان کے اہل خانہ کی قانونی مدد اور بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آفتاب عالم کے والدین اور لڑکوں نے جمعیت العلما ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی سے تحریری درخواست کی تھی جس میں انہوں نے کہا تھا کہ جمیعت انہیں انصاف دلانے میں ان کی مدد کرے۔
اس تعلق سے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے جمیعت العلما ہند کے مولانا حکیم الدین قاسمی سے بات کی جس میں انہوں نے بتایا کہ جمیعت العلما نے آفتاب عالم کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور پورے معاملے کا تفصیلی احوال حاصل کیا۔
اس سلسلے میں جمعیت العلما کا وفد اترپردیش کے بادل پور پولیس اسٹیشن پہنچا اور پولیس افسران سے ملاقات کر کے انصاف کا مطالبہ کیا۔
اس کے بعد جمعیت کے وفد نے جوائنٹ کمشنر سے بھی ملاقات کرکے اس پورے معاملے پر خصوصی توجہ دلائی۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ چونکہ آفتاب عالم ہی تمام اہل خانہ کے اخراجات اٹھایا کرتے تھے ان کے انتقال کے بعد ان کے پسماندگان کے لیے معاش کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے تاہم جمعیت کی جانب سے آفتاب عالم کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں کسی بھی طرح سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔