قومی دارالحکومت دہلی میں بھی 'ون نیشن ون کارڈ' اسکیم نافذ کی جائے گی۔ دہلی حکومت نے اس سلسلے میں نوٹس جاری کیا ہے۔
دہلی کی تمام راشن کی دکانوں پر مستحقین کو مرحلہ وار بائیو میٹرک تصدیق پر ای پی او ایس کے ذریعے مفت راشن فراہم کیا جائے گا۔ اس اسکیم سے ان لوگوں کو فائدہ ملے گا جو اصل میں کسی دوسری ریاست کے رہنے والے ہیں۔
راشن کی تمام دکانوں کو دہلی حکومت نے ہدایت کی ہے کہ وہ لازمی طور پر دکان کے باہر ایک بورڈ لگائے، جس میں اس اسکیم سے مستفید ہونے والوں کی تفصیلات ہو۔
اس کے علاوہ تمام زونل اسسٹنٹ کمشنرز، فوڈ سیفٹی آفیسرز اور فوڈ سکیورٹی انسپکٹرز کو ون نیشن ون کارڈ پالیسی کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بتادیں کہ دہلی میں نیشنل فوڈ سکیورٹی ایکٹ کے تحت راشن کارڈ سے فائدہ اٹھانے والوں کو ہر ماہ 5 کلو گرام اناج فراہم کیا جاتا ہے۔ اس میں 4 کلو گندم اور 1 کلو چاول دیا جاتا ہے۔
وہیں اے اے وائی (انتیودیا انا یوجنا) زمرے کے تحت کنبوں کو 25 کلو گندم، 10 کلو چاول اور 1 کلو چینی دی جاتی ہے۔ ابھی دہلی حکومت کی جانب سے راشن مفت میں تقسیم کیا جارہا ہے۔
نومبر کے مہینے تک دہلی حکومت لوگوں کو مفت راشن فراہم کرے گی۔ دہلی میں ان لوگوں کو بھی راشن دیا جارہا ہے جن کے پاس کارڈ نہیں ہیں۔
اب ون نیشن ون کارڈ پالیسی کے نفاذ کے ساتھ وہ لوگ جو دوسرے ریاست سے ہیں اور جن کا راشن کارڈ بھی دوسری ریاست سے ہے اب وہ بھی راشن حاصل کرسکیں گے۔ دہلی کے فوڈ سپلائی وزیر عمران حسین نے اس بارے میں ایک بیان جاری کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کیجریوال حکومت کی ’گھر گھر راشن‘ اسکیم ایک گھوٹالا: سمبت پاترا
عمران حسین نے کہا ہے کہ 'محکمہ خوراک کے اسسٹنٹ کمشنر، فوڈ سپلائی آفیسر اور تمام راشن دکانداروں کو اس بارے میں احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ ہیلپ لائن نمبر 1967 پر کال کرکے کوئی بھی اس سے متعلق معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ نیز لوگ دہلی سرکار کے شکایات پورٹل سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔