اس جوڑے کی شناخت پنکج اور آبھا کے طور پر ہوئی ہے جو پٹیل نگر کے رہنے والے ہیں۔ وہ کار میں بنا ماسک کے جارہے تھے تبھی دہلی پولیس نے انہیں روکا، جس کے بعد وہ چیخ و پکار کرنے اور پولیس کو ڈانٹنے لگے۔
دہلی پولیس کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون نے کہا کہ میں یو پی ایس سی پاس کرچکی ہوں، یہ سن کر پولیس اہلکاروں میں سے ایک نے کہا کہ وہ یو پی ایس سی کرچکی ہیں، اس لیے انہیں مہذب طریقے سے پیش آنا چاہیے۔
خاتون کو پولیس سے یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ 'میں اپنی کار میں ماسک کیوں پہنوں؟ اگر ابھی میں اپنے شوہر کو کس کرلوں تو کیا کروگے تم؟
کافی بحث و مباحثے کے بعد دونوں کو دریا گنج پولیس اسٹیشن لے جایا گیا ہے، جہاں مختلف دفعات کے تحت ان پر مقدمہ درج کیا گیا۔
سات اپریل کو دہلی ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ ماسک ہر کسی کے لیے ضروری ہے، نجی گاڑی میں اگر ڈرائیور اکیلا بھی ہے تو اسے ماسک پہننا ضروری ہے، ایک کار کو 'پبلک پلیس' کے طور پر لیاجائے گا۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کے روز ویک اینڈ کرفیو، اور مال، جم، آڈیٹوریم 30 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔