دہلی آفات انتظامیہ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) نے Work From Home for Private Officesکورونا کے تیزی سے بڑھتے معاملوں کے درمیان دہلی کے سبھی نجی دفتروں کو اگلے حکم تک فوری اثر سے بند کرنے کے لئے کہا ہے۔ ڈی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ضروری خدمات سے وابستہ ملازمین کو چھوڑ کر سبھی گھر سے کام کریں گے۔
ڈی ڈی ایم اے نے آج نئی گائڈ لائن جاری کرکے سبھی نجی دفتروں کو اگلے حکم تک فوری اثر سے بند کرنے کےلئے کہا ہے۔ سرکاری دفتروں میں گھر سے کام کرنے کی اجازت پہلے سے ہی ہے۔ اس سے پہلے 50 فیصد ملازمین کے ساتھ نجی دفتر چلانے کی سہولت تھی، جسے آج سے بند کردیا گیا ہے۔
لیفٹننٹ گورنر انل بیجل کی صدارت میں کل ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں ہوٹل، ریستوراں میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی لگا دی گئی تھی، جب کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی اجازت دی گئی ہے۔
ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں اس بات پر تبادلۂ خیال کیا گیا ہے کہ موجودہ پابندیوں کو کیسے سختی سے نافذ کیا جائے تاکہ کورونا وائرس اور اس کی نئی شکل اومیکرون کوپھیلنے سے روکا جاسکے۔
دہلی میں پچھلے 24 گھنٹوں میں کورونا کے 19166 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جب کہ متاثرین کی شرح 25 فیصد ہے۔دہلی حکومت کی جانب سے آج جاری اعدادو شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے 19166 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جب کہ اس دوران 17 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
یو این آئی