ڈاکٹر ہرش وردھن نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کہا کہ 'آئیے! ہم سب کو مل کر جلد از جلد مریضوں کا پتہ لگانا ہے اور ان کا وقت پر علاج کرنا ہے تاکہ اموات کی شرح کو کم کیا جاسکے۔'
ڈاکٹر ہرش وردھن نے وزیر مملکت برائے صحت اشونی چوبے کے ساتھ گجرات کے نائب وزیراعلی اور وزیر صحت نتن بھائی پٹیل اور مہاراشٹر کے وزیر صحت راجیش ٹوپے کے ساتھ ایک اعلی سطحی میٹنگ میں وقت رہتے کورونا متاثرین کا پتہ لگانے اور ان سے نمٹنے کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں ریاستوں میں کورونا کے حالات اور اس سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جارہے اقدامات پر پیش کش دیکھنے کے بعد مرکزی وزیر صحت نے ریاستوں کے کچھ ضلعوں میں بڑھتی شرح اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ' لوگوں کے رابطے کے ذرائع کا پتہ لگانے اور بیماری کے جلد علاج پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں کی اموات کو روکا جاسکے۔'
انہوں نے یہ بھی کہا کہ 'اچانک سے ہوئے سانس کی نالی میں شدید انفیکشن (ایس اے آر آئی) اور انفلوئنزا جیسے امراض (آئی ایل آئی) کے معاملوں کی مناسب جانچ، ٹیسٹ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے تاکہ انہیں دیگر علاقوں میں پھیلنے سے روکا جاسکے۔'
انہوں نے کہا کہ 'دونوں ریاستوں کو اپنے یہاں ہورہی اموات کو کم کرنے کے لیے متاثرہ علاقوں میں مناسب 'کنٹینمنٹ' حکمت عملی کو نافذ کرنے کی ضرورت ہے اور اسے ترجیحی بنیاد پر لیا جانا چاہئے۔ اس کے علاوہ مرحلہ وار طریقے سے مکمل کوشش کی جانی چاہئے اور دونوں ریاستوں کو مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے پروٹوکول پر عمل کرنا ضروری ہے۔'