دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت نے دہلی تشدد معاملے میں جامعہ یونیورسٹی کے طالب علم آصف اقبال تنہا کے خلاف تحقیقات کو یکطرفہ قرار دیا ہے۔ اسپیشل جج دھرمیندر رانا نے یہ بات تنہا کے خلاف پولیس کی جانب سے پیش کردہ کیس ڈائری کو دیکھنے کے بعد کہی۔
سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے مخالف فریق سے متعلق اس معاملے کی تحقیقات کے بارے میں پوچھا، جس کا پولیس افسران جواب نہیں دے سکے۔
عدالت نے کہا کہ کیس ڈائری دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ تفتیش یکطرفہ ہو رہی ہے۔ جب عدالت نے انسپکٹر لوکیش اور انل سے مخالف فریق کی چھان بین کے بارے میں پوچھا تو وہ جواب نہیں دے سکے۔
اس کے بعد عدالت نے متعلقہ ڈی سی پی کو ہدایت دی کہ وہ اس کیس کی تحقیقات کی نگرانی کریں۔ عدالت نے ڈی سی پی کو ہدایت دی کہ وہ منصفانہ تحقیقات کو یقینی بنائے۔
سماعت کے بعد عدالت نے تنہا کی عدالتی تحویل میں 25 جون تک توسیع کا حکم دیا۔ تنہا ابھی بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔ تنہا کو دسمبر 2019 میں جامعہ کے علاقے میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاج کرنے پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس نے کہا تھا کہ تنہا عمر خالد، شرجیل امام، میران حیدر اور صفورا زرگر کا قریبی ساتھی ہے۔ 15 دسمبر 2019 کو جامعہ کے علاقے میں ہونے والے تشدد میں بسیں اور پولیس کی گاڑیاں جل گئیں۔ پولیس اور یہاں تک کہ عام شہریوں پر پتھراؤ کیا گیا۔ گذشتہ فروری میں شمال مشرقی دہلی میں ہوئے تشدد میں کم از کم 53 افراد ہلاک اور دو سو کے قریب افراد زخمی ہوئے تھے۔