قومی دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر ٹریفک بہ تدریج کم ہورہی ہے کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر کی شاد و آباد شہروں کو یکلخت سنسان کردیا، کچھ ایسی ہی تصویریں اب بھارت کی دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر بھی نظر آرہی ہیں۔
دہلی شہر اژدہام اور سست ٹریفک کے لیے مشہور ہے، یہاں شاہراہوں کا خالی ہونا کسی معجزہ سے کم نہیں ہوتا، مگر کورونا وائرس یعنی کووڈ-19 کے پیش نظر خطرہ بڑھتا جارہا ہے، اور سماجی رابطہ منقطع کرنے کی شروعات نے دہلی کی سڑکوں سے ٹریفک مختصر کرنا شروع کردیا ہے۔
ہفتہ کے روز دہلی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں سنسان رہیں، سڑکوں پر کم گاڑیاں دیکھی گئیں، مگر دیر شام ٹریفک بڑھی بھی، اس کی وجہ نوکری پیشہ لوگوں کی دفتر سے واپسی بتائی جارہی ہے۔
عام طور پر دہلی میں ٹریفک کی مارا ماری ہوتی ہے، زیادہ تر شاہراہوں میں ٹریفک کی بھیڑ کافی ہوتی ہے، مگر کورونا وائرس کے خطرہ کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر آنے سے گریز کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز جنتا کرفیو کا اعلان کیا ہے، مگر اس سے ایک روز قبل ہی دہلی میں لاک ڈاون کا اثر نظر آرہا ہے، اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ اتوار کے روز دہلی شہر کے حالات کیا ہوتے ہیں۔