دہلی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 10،774 نئے کیسز درج کیے گئے۔ اس کے ساتھ ہی اب اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 25 ہزار 197 تک پہنچ گئی ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ موت کی صورت حال بھی بڑھتی جارہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے 48 اموات درج کی گئی ہیں۔ جبکہ آخری دو دنوں میں یہ اعداد وشمار 39 تک ہی تھے لیکن اب اس کی تعداد میں بھی کافی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
آج کی اموات کے بعد اس وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 11،83 ہوگئی ہے اس میں مردوں کی اموات کی شرح زیادہ فی صد میں ہے۔ کورونا سے ٹھیک ہو جانے والوں کی بات کی جائے تو 24 گھنٹوں کے دوران 5158 مریضوں کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ دہلی میں کورونا کو شکست دینے والوں کی مجموعی تعداد اب تک 6،79،573 درج ہوئی ہے۔ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے اور آج یہ 34،341 تک پہنچ گئے ہیں۔
نومبر 2020 کے بعد دہلی میں کورونا کے فعال کیسز کا یہ سب سے بڑا نمبر ہے۔ 29 نومبر کو یہ تعداد 35،091 تھی، ہوم آئیسولیشن میں جن مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے ان کے اعداد وشمار بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ اور یہ اب 17 ہزار کے پار کرگیا ہے۔ یہ تعداد 3 دسمبر 2020 کے بعد سے اب تک کی اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ابھی ہوم آئیسولیشن میں 17،093 مریض ہیں، جبکہ 3 دسمبر کو یہ تعداد 17،790 تھی۔
- ریاست کرناٹک میں بھی کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے
دوسری جانب ریاست کرناٹک میں بھی کورونا کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ ریاست کرناٹک کے ضلع بیدر کے ڈپٹی کمشنر رام چندر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے لئے ضلعی حکام کا تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے لگائے گئے رات کے کرفیو پر سختی سے عمل کریں۔ حکومت نے تمام کارخانوں، کمپنیوں اور کارپوریشنوں کو رات کے اوقات میں کام کرنے کی اجازت تو دی ہے لیکن کہا کہ ملازمین کرفیو کے اوقات سے پہلے ڈیوٹی پر حاضر ہوں، صرف طبی خدمات اور ہنگامی سرگرمیوں کی اجازت رہے گی۔ جب کہ کرفیو کی مخالفت کیے جانے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
- ریاست گجرات میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر خطرناک شکل اختیار کی
گجرات میں بھی کورونا وائرس ایک بار پھر خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے اور ان دنوں گجرات میں کورونا وائرس کے نئے معاملے 5000 سے زائد درج کیے جا رہے ہیں۔ جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں بھی آہستہ آہستہ اضافہ ہورہا ہے۔ گجرات میں اب تک کورونا سے مرنے والوں کی جملہ تعداد 4800 سے تجاوز کر چکی ہے۔ گجرات میں ایک جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 54 افراد ہلاک ہوئے ہیں تو وہیں دوسری جانب 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 5469 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔