دارالحکومت دہلی کے ڈاکٹر رام منوہر لوہیا ہسپتال کے ڈین ڈاکٹر راجیو سود کی حالت تشویشناک ہے۔ کورونا انفیکشن ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر سود اپنے گھر میں ہی قرنطینہ میں تھے، لیکن دو دن قبل انہیں ساکیت کے میکس ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جمعہ کے روز ان کی ڈاکٹر بیٹی نے سوشل میڈیا پر پلازما تھراپی کے لیے 'او' مثبت بلڈ گروپ کے ڈونر سے پلازما عطیہ کرنے کی اپیل کی تھی اور آدھے گھنٹے کے اندر ہی انہیں ڈونر مل گیا۔
واضح رہے کہ 'ڈاکٹر سود کو سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی، جس کی وجہ سے انہیں فوری طور پر ساکیت میکس ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس وقت ان کی صحت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ جمعہ کے روز ڈاکٹروں نے ان کے اہل خانہ کو پلازما تھراپی کے بارے میں آگاہ کیا اور کسی ایسے شخص کا پلازما طلب کیا جو اس سے پہلے کورونا سے متاثر ہوا ہو اور صحتیاب ہوکر گھر چلا گیا ہو۔ میکس ہسپتال پہلے بھی پلازما تھراپی کے مریض کا علاج کامیابی کے ساتھ کرچکا ہے۔
ڈاکٹر راجیو سود شروع سے ہی لوگوں کو کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بول رہے تھے وہ بھی کورونا وبا سے متعلق آگاہی پروگراموں میں مستقل حصہ لے رہے تھے۔