راجیہ سبھا نے آج یہ بل صوتی ووٹ سے منظور کردیا جبکہ لوک سبھا نے اسے گذشتہ ہفتے 26 جولائی کو منظور کیا تھا۔ یہ بل کمپنی ترمیمی دوسرے آرڈیننس 2019 کی جگہ لے گا۔
چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے کل شام کو وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کو کمپنی (ترمیمی) بل 2019 پیش کرنے کے لیے کہا تو کانگریس سمیت تمام اپوزیشن نے اس کی سخت مخالفت کی اور اگلی صبح اسے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
نائیڈو نے اس مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج اس بل کو پاس کرنا ضروری ہے۔ کانگریس سمیت اپوزیشن نے اس پر واک آؤٹ کیا ۔
نائیڈو نے کہا کہ ایوان کا کام قانون بنانا ہے اور اس میں کسی کو بھی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ سیتارمن نے کہا کہ آج اسے پاس کرنا ضروری ہے کیونکہ متعلقہ آرڈیننس کی مدت کل ختم ہورہی ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے اپوزیشن جماعتوں کے اراکین سے ایوان میں واپس آنے اور بحث میں حصہ لینے کی اپیل کی۔ اس کے بعد کانگریس اور کچھ اپوزیشن جماعتوں کے اراکین ایوان میں واپس آئے۔