کورونا وائرس کو ملک میں پھیلنے سے روکنے کےلیے مختلف علاقوں میں لاک ڈاون ہے اور عوام میں تشویش پائی جاتی ہے جس کے مدنظر مردم شماری اور نیشنل پاپولیشن رجسٹر کا پہلا مرحلہ ملتوی ہونے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس سلسلہ میں سرکاری سطح پر مذاکرات جاری ہیں اور کورونا وائرس کا خطرہ کم ہونے تک مہم کو ملتوی کرنے پر غور و خوص کیا جارہا ہے۔
مردم شماری اور این پی آر کے پہلے مرحلہ کا یکم اپریل تا 30 ستمبر انعقاد عمل میں آنے والا ہے جس کو ملتوی کرنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر اڈیشہ نے ملک بھر میں مردم شماری اور این پی آر سے متعلق تمام سرگرمیوں کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مغربی بنگال، چھتیس گڑھ، پنجاب، کیرالا اور دیگر ریاستوں کے برخلاف اڈیشہ نے مردم شماری اور این پی آر کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ دیگر ریاستیں این پی آر کو اپ ڈیٹ کرنے کی مخالفت کر رہی ہیں جو مردم شماری کے ساتھ کیا جائے گا۔