نئی دہلی: مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے چارہ گھوٹالہ میں مجرم قرار دیے گئے بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ کو جھارکھنڈ ہائی کورٹ سے دی گئی ضمانت کو منسوخ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے جمعہ کو سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔
یادو (74) ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد جیل سے باہر ہیں۔ سپریم کورٹ سی بی آئی کی عرضی پر 25 اگست کو سماعت کرے گی۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ نے کہا کہ وہ لالو یادو کو ضمانت دینے کے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کرنے والی سی بی آئی کی درخواست پر 25 اگست کو سماعت کرے گی۔
بنچ کے سامنے خصوصی ذکر کے دوران، سی بی آئی نے جمعہ کو اپنی عرضی کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی، جسے قبول کرتے ہوئے بنچ نے اس معاملے کو 25 اگست تک درج کرنے کی ہدایت دی۔
جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے لالو کو دمکا، چائیباسا، ڈورانڈا اور دیوگڑھ ٹریژری سے نکاسی کے چار مقدمات میں ضمانت دی تھی۔
ہائی کورٹ نے آر جے ڈی سربراہ کو ڈورانڈا ٹریژری کیس میں ضمانت دے دی تھی، جس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: لالو خاندان کی 6 کروڑ کی جائیداد اٹیچ، نوکری کے بدلے زمین پر ای ڈی کی کارروائی
یادو کو ڈورانڈا ٹریژری میں 139 کروڑ روپے سے زیادہ کے گھپلے سے جڑے پانچویں چارہ گھوٹالہ کیس میں رانچی کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے پانچ سال قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
یواین آئی۔