قومی دارالحکومت دہلی میں کیجریوال حکومت پر کورونا سے لڑنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے بی جے پی کے رکن اسمبلی وجندر گپتا نے روہنی کے سائی بابا چوک پر اپنے حامیوں کے ساتھ مظاہرہ کیا۔
بی جے پی رکن اسمبلی نے مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ' کورونا سے مرنے والے تمام افراد کے لواحقین نے کیجریوال حکومت سے مناسب علاج کا مطالبہ کیا، لیکن متاثرین کی بات نہیں سنی گئی۔ اس سے بڑی ناکامی اور کیا ہو سکتی ہے۔'
وجندر گپتا نے کہا کہ 'اب کیجریوال کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سرکاری ملازمین کو تنخواہ دینے کے لئے پیسے نہیں ہیں۔ اس سے حکومت کی ناکامی ظاہر ہوتی ہے۔ کیونکہ حکومت نے اشتہاروں پر کروڑوں روپے خرچ کیے ہیں۔ اب حکومت کہہ رہی ہے کہ ڈاکٹروں کی تنخواہ دینے کے لئے رقم نہیں ہے۔'
مظاہرہ کے دوران رکن اسملی نے'بھارت ماتا کی جئے' اور 'کیجریوال مردہ آباد' کے نعرے لگائے۔
اس دوران دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لیتے ہوئے کہا کہ 'اس وقت وہ اس طرح کے مظاہرے کی اجازت نہیں دے سکتے۔'
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات ختم ہونے کے بعد پہلی بار کیجریوال حکومت کے خلاف بی جے پی رہنما نے احتجاج کیا ہے۔