چین اور بھارت کے مابین سرحد پر تناؤ کے اثرات مسلسل دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ ادھر چینی مصنوعات کے بائیکاٹ کے سلسلے میں مرکز میں برسر اقتدار رہنے والی بی جے پی نے چینی میٹنگ ایپ زوم سے خود کو دور کرلیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران بی جے پی بھی تمام عہدیداروں کے ساتھ کارکنان کی بات چیت کے لئے ملک کے عام لوگوں کی طرح میٹنگ ایپلیکیشن زوم کا اندھا دھند استعمال کرتی تھی، لیکن جس طرح سے لداخ سرحد پر بھارت اور چینی افواج کے درمیان تصادم ہوا اور اس ملک کے 20 فوجی شہید ہوگئے ہیں۔ اس کے بعد بی جے پی نے چینی مصنوعات کے ساتھ ساتھ موبائل ایپس کا بھی بائیکاٹ کرنا شروع کردیا ہے۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے آج یعنی 23 جون کو بھارتی جن سنگھ کے بانی ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کے یوم شہادت کے موقع پر پارٹی کارکنان سے خطاب کیا۔ اس کے لئے ورچوئل کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس میں پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کارکنان اور عہدیداروں کی جانب سے زوم ایپ کے بجائے سسکو ویبیکس ایپلیکیشن کا استعمال کیا۔
انہوں نے اس ایپ کے ذریعہ دہلی کے 1000 سے زائد عہدیداروں سے رابطہ قائم کیا اور کارکنان کو ڈاکٹر سیما پرساد مکھرجی کی شہادت کے بارے میں بتایا۔
واضح رہے کہ ابھی تک بی جے پی رہنماؤں نے آپس میں ملنے کے لئے عام لوگوں کے ساتھ زوم موبائل ایپ کا ہی استعمال کیا کرتے تھے، لیکن اب انہوں نے اس ایپ سے دوری بنا لی ہے۔