قومی دار الحکومت دہلی میں جیسے جیسے 8 فروری قریب آرہی ہے سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
بی جے پی صدر جے پرکاش نڈّا نے کہا کہ دہلی کے الیکشن میں 240 اراکین پارلیمنٹ کی ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ یہ اراکین پارلیمنٹ آئندہ 4 دن تک جھگیوں میں رہیں گے اور وہیں کھائیں گے۔ سبھی اراکین پارلیمنٹ کو یہ فرمان پارلیمانی پارٹی میٹنگ میں بی جے پی قومی صدر جے پی نڈّا نے سنا دیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بی جے پی صدر جے پی نڈّا نے 240 اراکین پارلیمنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ سبھی جھگی جھونپڑی والے علاقوں میں رہیں اور وہیں لوگوں کے ساتھ کھانا کھائیں۔
قابل ذکر ہے کہ ان دنوں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور پارٹی صدر جے پی نڈا سمیت بی جے پی کے سبھی سرکردہ لیڈران دہلی میں خوب عوامی جلسے اور روڈ شو کر رہے ہیں۔ لوگوں سے عوامی رابطہ کرنے کے لیے ڈور ٹو ڈور مہم بھی جاری ہے۔
امت شاہ سے لے کر خود پی ایم نریندر مودی دہلی میں جیت کا مزہ چکھنے کے لیے جی جان سے مصروف ہیں۔ پی ایم مودی نے جہاں پیر کے روز دہلی واقع کڑکڑڈوما میں عوامی جلسہ سے خطاب کیا۔ وہیں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے تری نگر، مادی پور اور پٹیل نگر میں پارٹی امیدوار کے لیے ووٹ مانگے۔ اس کے ساتھ ہی روہنی پہنچے مرکزی وزیر پیوش گویل نے بھی بی جے پی امیدوار کے لیے لوگوں سے ووٹ مانگے۔
واضح رہے کہ دہلی میں اسمبلی کی کل 70 سیٹیں ہیں جن پر 8 فروری کو ووٹنگ ہونی ہے۔ 11 فروری کو سبھی سیٹوں کے نتیجے آئیں گے۔
سال 2000 کے بعد دہلی میں چار اسمبلی انتخاب ہوئے ہیں۔ سال 2015 کے الیکشن میں عام آدمی پارٹی کو 70 میں سے 67 سیٹیں ملی تھیں جب کہ بی جے پی نے بقیہ 3 سیٹوں پر قبضہ کیا تھا۔