جنوبی دہلی کے مالویہ نگر میں موجود بھگت سنگھ پارک (Bhagat Singh Park) گزشتہ ڈیڑھ سال سے عوام کے لیے بند ہے۔ بنیادی طور پر اس پارک میں مالویہ نگر، کھڑکی ایکسٹینشن، اور حوض رانی علاقے کے رہائشی صبح اور شام کے وقت آتے تھے، اس کے باوجود اس پارک کو بند رکھا گیا ہے جبکہ علاقہ کے دیگر پارک عوام کے لئے کھول دیے گئے ہیں۔
اس معاملے پر علاقے کے رہائشی اور سماجی کارکن فاروق صدیقی کا کہنا ہے کہ پارک کی بندش کی وجہ سے علاقے کے لوگ پریشان ہیں، خاص کر کمزور طبقے کے لوگ جن کے پاس چھوٹے مکان ہیں اور وہ پارک میں آکر کھلی فضا میں اپنا وقت گزارا کرتے تھے۔ کورونا کی وجہ سے اسکول بند ہونے کے باعث بچوں کی جسمانی سرگرمیاں بند ہونے کی وجہ سے یہ تمام بچے پارک میں آکر کھیلتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ علاقہ کے لوگ اپنے گھروں میں قید ہیں۔ اسی طرح معمر شخص کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، وہ دور دراز کے پارک میں جانے سے قاصر ہیں اور جو لوگ پارک میں چہل قدمی کر کے اپنا اچھا وقت گزارتے تھے۔ اب سب مایوس ہیں۔ پارک میں بنائے گئے اوپن جم میں ورزش کرنے والی تمام خواتین اور مرد بھی مایوس ہیں۔
فاروق صدیقی کا کہنا ہے کہ علاقے کے شہریوں نے اس سلسلے میں ایک ماہ قبل علاقائی عآپ رکن اسمبلی سومناتھ بھارتی اور بی جے پی کی کونسلر ڈاکٹر نندنی شرما کو زبانی اور تحریری طور پر میمورنڈم اور عرضی دی ہے لیکن اس کے باوجود پارک کو عام لوگوں کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔ تمام لوگ پارک میں ٹہلنے سے محروم ہیں۔
فاروق صدیقی نے بتایا کہ علاقے کے رہائشی سید کمال رضوی نے اس سلسلے میں گورنمنٹ گریونس پورٹل پر وزیر اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر سے شکایت بھی کی، تو جواب آیا کہ ایس ڈی ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق پارک کھلا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پارک صبح 5 سے 9 بجے تک بند رہتا ہے اور شام 4 بجے کے بعد بعض اوقات درمیان میں ایس ڈی ایم سی ملازمین مین گیٹ بند کرکے اندر کام کرتے رہتے ہیں۔ اس تعلق سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
پارک میں آنے والے علاقہ کے مکین پاسکل مارک کا کہنا ہے کہ دوسرے علاقے کے تمام پارک کھلے ہیں لیکن اس پارک کو بند رکھا گیا ہے، جو کہ بالکل غیر مناسب ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام ضروری انتظامات کر کے اس پارک کو بھی پہلے کی طرح مکمل کھول دیا جائے۔
ایک اور رہائشی ڈاکٹر اویس نے بتایا کہ 'اگر علاقے کے بچے بھی کسی دوسرے بلاک کے پارک میں جاتے ہیں تو وہاں سے انہیں یہ کہہ کر بھگا دیا جاتا ہے کہ آپ اپنے پارک میں جائیں، یہ بڑی بدقسمتی کی بات ہے۔ تاہم یہ بھی تاثر ہے کہ علاقہ میں زیادہ آبادی مسلمانوں کی ہے، جس کی وجہ سے اس پارک کو بند رکھا جاتا ہے۔ اس علاقہ کی کونسلر بی جے پی کی ہیں۔ یہ پارک ان کے ماتحت ہی آتا ہے۔ ہو سکتا ہے اس میں ان کی بھی مرضی شامل ہو۔'
یہ بھی پڑھیں: دہلی: ملٹی لیول کار پارکنگ کے منہدم ہونے پر سیاست تیز
فاروق صدیقی نے کہا کہ علاقے کے دونوں عوامی نمائندے سومناتھ بھارتی اور ڈاکٹر نندنی شرما اپنے حدود میں اچھا کام کرنے کی کوشش کرتے ہیں، امید ہے کہ وہ اس موضوع پر علاقہ کے لوگوں کے لیے پارک کو جلد کھول دیں گے۔