نئی دہلی: انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) کے زیر اہتمام ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی نے بھارت کی سات ریاستی سطح کی زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے۔ ریاستی سطح کی زرعی یونیورسٹیوں میں جی بی پنت زرعی یونیورسٹی (اتراکھنڈ)، مہارانا پرتاپ یونیورسٹی آف ایگریکلچر اینڈ ٹکنالوجی (راجستھان)، گروگرام یونیورسٹی، ڈاکٹر بالا صاحب ساونت کونکن زرعی یونیورسٹی (مہاراشٹرا)، شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جموں و کشمیر) زرعی سائنسز یونیورسٹی(بنگلور)، چودھری چرن سنگھ ہریانہ زرعی یونیورسٹی (حصار) شامل ہیں۔ Western Sydney University Agreement with ICAR
اس معاہدے کے تحت طلباء کو ڈبل ڈگری دینے کا بھی انتظام ہے۔ آئی سی اے آر دنیا میں زرعی تحقیق اور تعلیمی اداروں کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے اور اس کی قیادت میں زرعی تعلیم، تحقیق اور توسیعی نظام کو آگے بڑھانا بھی ان معاہدوں کا ایک حصہ ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی نئی یونیورسٹی امپیکٹ رینکنگ میں آسٹریلیا کی ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی کو سماجی، ماحولیاتی اور اقتصادی اثرات کے لیے دنیا میں پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔
معاہدے کے بعد جاری کردہ ایک بیان میں انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (زرعی تعلیم) ڈاکٹر راکیش چندر اگروال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا، "اب ریاستی اور مرکزی زرعی یونیورسٹیوں اور ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی کے درمیان 23 شراکتی معاہدے ہوئے ہیں۔ اس سے بڑے پیمانے پر تحقیق اور صلاحیت کی تعمیر ممکن ہو رہی ہے۔ اسکالرشپ کے ساتھ دوہری ماسٹر ڈگری اور پی ایچ ڈی کی ڈگری کا انتظام ہے۔ اس کے علاوہ یہ شراکت بھارت اور آسٹریلیا میں آب و ہوا کے اسمارٹ زرعی نظاموں میں تحقیق کی قیادت کر رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کی ترقی کے لیے زرعی تعلیم کثیر جہتی ہونی ضروری: تومر
ویسٹرن سڈنی یونیورسٹی کے چانسلر اور صدر پروفیسر بارنی گلوور اے او نے کہا: "یہ ہندوستانی ریاستی اور مرکزی زرعی یونیورسٹیوں اور دیگر شراکت داروں کے لیے ہماری 1.5کروڑ آسٹریلیائی ڈالر کی اسکالرشپ کے عزم کی ایک اہم توسیع ہے۔ اس کے تحت 50 پی ایچ ڈی اسکالرشپ دی جائیں گی جو کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے درمیان موثر زراعت کے شعبے میں تحقیق کو بڑھانے میں مدد کریں گی تاکہ ہندوستان میں زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور غذائی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔ بھارت میں آسٹریلیا کی ڈپٹی ہائی کمشنر سارہ اسٹوری نے ایس ڈی جی فورم کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا، "یہ اسمارٹ ایگریکلچر پارٹنرشپ اور اسکالرشپس ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان گہرے ہوتے تعلقات کی ایک اہم پہچان ہے۔"
یو این آئی