نئی دہلی: عام آدمی پارٹی نے الزام لگایا کہ دہلی میں ڈینگو کے بڑھتے معاملات کے لیے برسراقتدار دہلی میونسپل کارپوریشن ذمہ دار ہے۔ ڈینگو اور ملیریا سے حفاظت کرنے والی مشین اور دواؤں کے بجٹ کو اپنے جیب میں ڈال لیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن پر قابض بی جے پی کو دہلی والوں کی صحت سے کچھ لینا دینا نہیں ہے، انہوں نے دہلی والوں کو اپنے حال پر چھوڑ دیا ہے۔
عام آدمی پارٹی کے دفتر میں منعقد پریس کانفرنس میں پارٹی کی سینئر لیڈر اور کالکا جی سے رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ 'ایم سی ڈی کے دستاویز نے ہی بی جے پی کو بے نقاب کیا ہے جو ظاہر کرتا ہے کہ ایم سی ڈی کے اس ڈینگی ملیریا کے خلاف لڑنے کے لیے دوائیں نہیں ہیں۔'
انہوں نے سوال کیا کہ 'بی جے پی کی دہلی والوں سے کیا دشمنی ہے؟ بی جے پی دہلی والوں کی صحت سے کیوں کھیل رہی ہے؟'
رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ 'بی جے پی دہلی کے لوگوں کی صحت سے کھیل رہی ہے۔ بی جے پی کی شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن کے پاس ڈینگی سے لڑنے کے لیے ادویات نہیں ہیں۔ این ڈی ایم سی نے رواں سال ابھی تک 7 میں سے 6 ادویات نہیں خریدی اور نہ ہی خریدنے کا عمل شروع ہوا ہے جبکہ ڈینگی وبا ان دنوں بڑھ گئی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: نوئیڈا: کانگریس نے ڈینگی فری نوئیڈا مہم کی شروعات کی
رکن اسمبلی آتشی نے کہا کہ 'ایم سی ڈی ڈینگی پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ ایم سی ڈی کا ڈینگی کنٹرول انتہائی خراب حالت میں ہے۔ سب سے پہلے ایم سی ڈی کے اینٹی ملیریا ڈپارٹمنٹ میں 70 فیصد آسامیاں خالی ہیں جس کی وجہ سے ڈینگی اور ملیریا کی جانچ نہیں ہوپارہی ہے۔'