وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے آج جموں و کشمیر کے سیاسی رہنماؤں کو میٹنگ (All Party Meeting) کے لیے مدعو کیے جانے کے تعلق سے جموں و کشمیر سمیت دہلی میں ہل چل ہے۔ دہلی میں واقع جموں و کشمیر ہاوس کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں۔ جہاں ملک بھر کے میڈیا نمائندے موقع پر موجود ہیں۔
وزیر اعظم نے جن رہنماؤں کو مدعو کیا ہے ان میں غلام نبی آزاد، فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ، اور محبوبہ مفتی سمیت 8 سیاسی جماعتوں کے 14 رہنما شامل ہیں۔
جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹائے جانے اور ریاست کا درجہ ختم کیے جانے کے بعد یہ پہلی بار ہے جب اس طرح کی سیاسی پیش رفت ہوئی ہے۔ اس میں وزیراعظم نریندر مودی کشمیر کے صفِ اول کے رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔
حالانکہ اس میٹنگ کا ایجنڈا ابھی تک صاف نہیں ہو پایا ہے۔ البتہ سیاسی رہنماؤں کے مطابق انہیں اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہیں تاہم یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ کشمیر کے تمام سیاسی رہنما وزیر اعظم مودی کے ساتھ اس میٹنگ (All Party Meeting) میں دفعہ 370 کو واپس کئے جانے اور ریاست کا درجہ بحال کیے جانے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر پر خصوصی میٹنگ، سبھی نگاہیں دلی پر مرکوز
محبوبہ مفتی کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کے سامنے کشمیر کے سیاسی لوگوں کی گرفتاری کو لے کر اپنی بات کو رکھیں گی اور انہیں آزاد کیے جانے کا مطالبہ کریں گی۔
کہا یہ جا رہا ہے وزیراعظم مودی اس میٹنگ میں کشمیری رہنماؤں کو سننا چاہتے ہیں تاکہ کشمیر سے متعلق تمام پریشانیوں کو دور کیا جا سکے۔