نئی دہلی: کانگریس نے الکا لامبا کو بڑی ذمہ داری دی ہے۔ پارٹی نے انہیں مہیلا کانگریس کا صدر مقرر کیا ہے۔ کانگریس نے مہیلا کانگریس میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے سینئر لیڈر الکا لامبا کو تنظیم کا نیا صدر بنایا ہے۔ جمعہ کی رات دیر گئے یہ معلومات دیتے ہوئے کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کہا کہ پارٹی نے طلبہ لیڈر ورون چودھری کو اپنے طلبہ ونگ نیشنل اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن-این ایس یو آئی کا نیا صدر مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے جانچ کمیٹیاں بھی تشکیل دی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عآپ نے سواتی مالیوال کو راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ نامزد کیا
انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر ملک ارجن کھڑگے نے مہیلا کانگریس کی سبکدوش ہونے والی صدر نیتا ڈیسوزا اور این ایس یو آئی کے سبکدوش ہونے والے صدر نیرج کندن کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تنظیموں کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ حال ہی میں راہل گاندھی نے NSUI کے قومی صدر کے عہدے کے لیے 5 طلبہ لیڈروں کا انٹرویو کیا تھا۔ ان میں راجستھان سے ونود جاکھڑ، تلنگانہ سے وینکٹ اور انولیکھا، دہلی کے ورون چودھری، ہریانہ کے وشال چودھری کے نام شامل ہیں۔ راہل گاندھی نے جب این ایس یو آئی کے صدر کے عہدے کے لیے انٹرویو لیا تو انچارج کنہیا کمار بھی موجود تھے۔