نئی دہلی: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں 24 اکتوبر کو بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے تعلق سے کئی رہنماؤں نے سوالات اٹھائے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اور حیدرآباد سے رکن پارلیمان اسد الدین اویسی کے بعد اب دہلی میں برسر اقتدار عام آدمی پارٹی نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں ہمارے 9 فوجی ہلاک ہوگئے، اس کے بعد بھی 24 اکتوبر کو بھارت پاکستان ٹی 20 میچ کھیلے گا؟
عام آدمی پارٹی کی رہنما اتشی نے بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پاکستان کشمیر میں عام بھارتی شہریوں پر حملے کررہا ہے، اس کے باوجود بھارت پاکستان کے ساتھ میچ کھیلنے جارہا ہے جو مناسب نہیں ہے۔۔ اس کے لیے اے اے پی لیڈر نے مرکزی حکومت کو وزیر اعظم مودی کے پرانے موقف کی یاد دلائی۔
دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اے اے پی کی رکن اسمبلی آتشی نے کہا ، "پچھلے کئی دنوں سے ہم بار بار دیکھ رہے ہیں کہ سری نگر میں بھارتی لوگوں پر حملے کیے جارہے ہیں۔ ایسی حالت میں پاکستان کے ساتھ کرکٹ میچ کھلنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے میچ کی منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بھی ان کے موقف سے اتفاق کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو یاد ہوگا کہ جب وزیر اعظم اپوزیشن میں تھے تو وہ بار بار مدعا اٹھاتے تھے کہ جب پاکستان کی طرف سے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی بھارتی سرزمین پر ہورہی ہے تو ہم ان کے ساتھ کرکٹ میچ کیوں کھیل رہے ہیں۔
آتشی نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نہ صرف عام آدمی پارٹی بلکہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی خود بھی اس بات پر متفق ہوں گے کہ جب تک ہندوستان کی سرزمین سے اس طرح کے حملے بند نہیں ہوں گے، بھارتی عوام کو نشانہ بنانا نہیں رکے گا۔ تب تک یہ ایسے میچ کھیلنا درست نہیں ہے۔
- یہ بھی پڑھیں::جشن میلاد النبی: خوبصورت نعتیہ کلام کی مجلس کا اہتمام
- جموں و کشمیر میں عقیدت و احترام کے ساتھ عید میلاد النبی کا اہتمام کیا گیا
- یوپی میں خواتین کی مدد سے کانگریس حکومت بنائے گی: سلمان خورشید
جب صحافیوں نے آتشی سے پوچھا کہ اولمپک گیمز کے دوران بھی بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ مقابلہ کیا، لیکن اس وقت عام آدمی پارٹی نے سوال نہیں اٹھایا، اے اے پی لیڈر نے کہا کہ یہ حملے پچھلے کچھ دنوں سے تیز ہوگئے ہیں۔ ایسی صورتحال میں ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم کی اس موضوع پر کیا رائے ہے۔
کیونکہ وزیر اعظم اس مسئلے کو بلند آواز میں اٹھاتے تھے کہ اس طرح کے حملے بھارتی عوام اور بھارتی سرزمین پر ہورہے ہیں، تو کیا اس طرح میچ کھیلنا درست ہے؟