دہلی پولیس لاک ڈاؤن کے روز سے ہی عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لئے اہم اقدامات کررہی ہے، اس میں دہلی پولیس کے ذریعہ ماسک، سینیٹائزر اور دستانے وغیرہ کی تقسیم، نیز اس تعلق سے بیداری پیدا کرنا اور چالان کاٹنا شامل ہے لیکن عوام کی لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے اداکار سونو سود نے ایک ویڈیو جاری کی ہے اور دہلی کے عوام سے دہلی پولیس سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ دارالحکومت میں کورونا کو شکست دیا جاسکے۔
ویڈیو میں سونو سود نے لوگوں کو بتایا کہ چند دنوں کے بعد تہوار آرہا ہے، ایسی صورتحال میں یہ بہت ضروری ہے کہ ہمیں ماسک، سماجی فاصلہ اور صفائی و ستھرائی کا خاص خیال رکھنا چاہئے تاکہ کورونا ہم سے دور رہ سکے۔
ویڈیو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا کے خلاف لاک ڈاؤن کے ساتھ شروع کی گئی جنگ میں جیتنا بہت ضروری ہے۔ بصورت دیگر اس وائرس کو روکنے کے لئے حکومتی اداروں اور لوگوں کی کوششیں رائیگاں جائیں گی۔ ایسی صورتحال میں دہلی پولیس کو دہلی عوام کا تعاون چاہئے اور آپ دوسروں کو آگاہ کر کے اور کوویڈ 19 کے قواعد پر عمل پیرا ہو کر یہ تعاون کرسکتے ہیں۔
صرف یہی نہیں اداکار سونو سود نے کورونا وائریرس کی تعریف کی جنہوں نے کورونا کے دور میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی خدمت کی اور ان کی خدمات کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔