نئی دہلی: دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کو سی بی آئی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں آٹھ گھنٹے تک پوچھ گچھ کرنے کے بعد، سی بی آئی نے انہیں جانچ میں تعاؤن نہ کرنے اور سوالات کا صحیح جواب نہ دینے کے معاملے میں گرفتار کیا۔ آج صبح میڈیکل ٹیسٹ کروانے کے بعد منیش سسودیا کو راؤس ایونیو کے سی بی آئی کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق عام آدمی پارٹی کے احتجاج کے پیش نظر منیش سسودیا کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بھی پیش کیا جا سکتا ہے۔ دوسری جانب نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف عام آدمی پارٹی کے کارکنوں نے آج احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی آج (پیر) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ہیڈکوارٹر پر احتجاج کرے گی۔ اس سلسلے میں پارٹی کے دہلی انچارج گوپال رائے نے کارکنوں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ منیش سسودیا نے ہر وقت اپنا فرض ادا کیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہر کارکن کو منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔ انہوں نے دہلی کی تمام اسمبلی نشست سے دو دو سو کارکنوں کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں جمع ہونے کی ہدایت دی ہے۔ وہاں سے وہ دین دیال اپادھیائے مارگ پر واقع بی جے پی ہیڈکوارٹر جائیں گے اور منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں گے۔
اس کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سندیپ پاٹھک نے ملک بھر کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آج اپنے اپنے شہروں میں بی جے پی کے پارٹی دفتر میں منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کریں۔ اس کے بعد سے، عام آدمی پارٹی کے رہنما اور کارکنان صبح سے ہی منیش سسودیا کے ساتھ راج گھاٹ سے سی بی آئی ہیڈکوارٹر تک سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ بتا دیں کہ عام آدمی پارٹی کے ایم پی سنجے سنگھ، وزیر گوپال رائے اور کئی ایم ایل ایز کو پولیس نے دہلی کے فتح پوری تھانے میں حراست میں رکھا ہے۔ دوسری جانب آج عام آدمی پارٹی کے کارکنوں کے احتجاج کے پیش نظر آئی ٹی او علاقے میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کے دفتر اور بی جے پی کے دفتر کی طرف جانے والے راستے پر جگہ جگہ بیریکیڈ لگائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : Delhi Liquor Scam شراب بدعنوانی معاملے میں دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا گرفتار