قومی دارالحکومت دہلی کے موج پور تشدد کے دوران فائرنگ کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے فائرنگ کرنے والے نوجوان کی شناخت شاہ رخ کے طور پر کی ہے اور اس کے پاس سے پستول بھی برآمد کیا ہے۔
دہلی کے موج پور علاقہ میں سی اے اے کے خلاف مظاہروں کے درمیان اچانک پر تشدد واقعات رونما ہوئے۔ ایک طرف مظاہرین نے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا تو دوسری طرف ایک شخص نے یہاں فائرنگ بھی کر دی۔ اس واقعے میں اب تک سات افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے اس کے علاوہ سات پولیس اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں پتھراؤ سے ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں 7 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان پولیس اہلکاروں کو علاج کے لیے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ان میں سے ایک ہیڈ کانسٹبل کی موت ہو گئی ہے جس کے بعد صورتحال پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
کرائم برانچ ٹیم کو بھی جائے واقعہ پر طلب کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی مختلف اضلاع سے فورس طلب کی گئی ہے۔ پولیس پورے معاملے کو پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
اسی تشدد کے پیش نظر دہلی میٹرو نے پانچ اسٹیشنز کو بند کردیا ہے۔ ان اسٹیشنز کے انٹری اور ایگزٹ کو بند کردیا گیا ہے۔ جن میں جعفرآباد، موج پور، بابر پور، جوہری انکلیو اور شیو ویہار شامل ہیں۔
اس تشدد پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ تشدد قابل مذمت ہے۔ انہوں نے دہلی کی عوام سے پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ' پر امن احتجاج مضبوط جمہوریت کی علامت ہے تشدد کو کبھی بھی صحیح نہیں ہوسکتا‘۔