نئی دہلی: ترکی اور شام میں گذشتہ دنوں آئے تباہ کن زلزلوں سے اب تک 35 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوئے ہیں۔ جہاں ایک طرف ترکی اور شام کی حکومتیں اس تباہ کن حالات سے جوجھ رہی ہیں وہیں دیگر ممالک کی حکومتیں بھی اس پریشانی کے وقت میں ان کا ساتھ دے رہیں ہیں۔ بھارتیہ حکومت کی جانب سے بھی اب تک 7 پروازیں مدد کے لیے ترکی پہنچ چکی ہیں تاہم انفرادی طور پر بھی لوگ اپنی امداد نئی دہلی میں واقع ترکی اور سیریا کے سفارت خانوں میں جمع کرا رہے ہیں۔
اسی دوران نئی دہلی میں ترکی کے سفارتخانے پر ایک 8 سالہ بچہ اپنی تمام جیب خرچ جمع کرکے اس سے ترکی کے زلزلہ متاثرین کے لیے جیکٹس بطور امداد دینے پہنچا۔ اس موقع پر نمائندہ ای ٹی وی بھارت نے 8 سالہ زیدان سے بات چیت کی۔ اس دوران میں زیدان قریشی نے بتایا کہ کچھ روز قبل ٹی وی دیکھنے کے دوران اسے ترکی میں زلزلے کی ایک ویڈیو نظر آئی اسی وقت مجھے یہ خیال آیا کہ کیوں نہ میں ان لوگوں کی مدد کے لیے کچھ کروں تب میں نے اپنے والد سے اس بارے میں بات کی اور آج وہ ترکی سفارتخانے میں امدادی سامان دینے پہنچے ہیں۔ زیدان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد سے روزانہ 100 روپے بطور جیب خرچ ملتا ہے وہ اسے ایک جگہ جمع کرتے ہیں اس کے علاوہ ان کے پاس پہلے سے کچھ روپے جمع تھے وہ سارے پیسہ انہوں نے اپنے والد کو دیا اور ان سے ترکی کے لوگوں کی مدد کرنے کی بات کہی جس کے بعد ان کے والد نے مزید رقم شامل کرکے 112 جیکٹس خریدی جسے انہوں نے ترکی کے سفارتخانے میں جمع کرایا ہے۔
زیدان کے والد کاشف قریشی کا کہنا تھا کہ ان 112 جیکٹس خریدنے میں تقریبا 22 ہزار روپے کا خرچ آیا ہے جس میں ساڑھے سات ہزار روپے زیدان نے اپنی جیب خرچ سے جمع کر کے انہیں دیے تھے باقی رقم انہوں نے اس میں شامل کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے نبی کا فرمان ہے کہ جو ضرورت مندوں کی مدد کرتا ہے اللہ اس کی مدد کرتا ہے اسی لیے ہم ترکی کے سفارتخانے میں مدد کے لیے پہنچے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : Turkish Ambassador Thanks India ترک سفیر نے مشکل وقت میں اپنے ملک کی امداد کرنے پر بھارت کا شکریہ ادا کیا