وزیر اعظم نے بھارت کو ٹیلی مواصلات کے ساز و سامان، ڈیزائن اور تیاری کے لیے عالمی مرکز بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تکنیکی اپ-گریڈیشن کی وجہ سے ہینڈسیٹس اور گجیٹ کو بار بار بدلنے کا کلچر ایک چیلنج ہے۔ انہوں نے مستقبل میں لمبی چھلانگ لگانے کے لیے 5 جی نیٹ ورک کو وقت پر شروع کرنے اور لاکھوں ہندوستانیوں کو بااختیار بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی اپیل کی۔
نریندر مودی نے کہا کہ تکنیکی انقلاب کے ساتھ زندگی کو بہتر بنانے کے بارے میں سوچنا اور منصوبہ بندی کرنا بہت ضروری ہے۔
وزیر اعظم نے ٹیلی کام سیکٹر کے نمائندوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باوجود دنیا ان کی جدت طرازی اور کوششوں کی وجہ سے کام کرتی رہی۔
نریندر مودی نے کہا کہ موبائل ٹکنالوجی کی وجہ سے ہی لاکھوں ہندوستانیوں کو اربوں ڈالر کا فائدہ کا فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس عالمی وبا کے دوران غریبوں اور کمزور لوگوں کی مدد کرنے میں کامیاب ہوئے۔
وزیر اعظم نے ملک میں موبائل مینوفیکچرنگ کے شعبے میں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان موبائل پروڈکشن کے لیے پسندیدہ مقام کے طور پر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد اگلے تین سالوں میں ہر گاؤں میں تیز رفتار فائبر آپٹک رابطہ فراہم کرنا ہے۔ اس کے لیے ان جگہوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جو اس سے زیادہ فائدہ اٹھاسکتے ہیں، جیسے اہم اضلاع، انتہاپسندی سے متاثرہ ضلع، شمال مشرق، لکشدویپ وغیرہ۔
(یو این آئی)