دہلی کے ساکیت عدالت نے آج تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لینے والے انڈونیشیا کے 198 شہریوں کو بری کردیا۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ وسندھارا آزاد نے سو انڈونیشیائی شہریوں کو سات سات ہزار روپے کے مچلکے پر جبکہ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ سواتی شرما نے 98 انڈونیشیائی شہریوں کو پانچ پانچ ہزار روپے کے مچلکے پر بری کرنے کا حکم دیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق گذشتہ 21 جولائی کو عدالت نے کرغزستان اور انڈونیشیا کے 121 غیر ملکی شہریوں کو بری کردیا تھا ۔ جبکہ گذشتہ 20 جولائی کو عدالت نے کرغزستان اور بنگلہ دیش کے 121 غیر ملکی شہریوں کو پانچ پانچ ہزار روپے کے جرمانے میں بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے کچھ غیر ملکی شہریوں کو سارا دن عدالت میں کھڑے رہنے کی سزا بھی سنائی تھی ۔
واضح رہے کہ ان غیر ملکی شہریوں نے مارچ کے مہینے میں تبلیغی جماعت کے پروگرام میں حصہ لیا تھا۔ چارج شیٹ میں ان غیر ملکی شہریوں پر ویزا قوانین کی خلاف ورزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دہلی پولیس نے چارج شیٹ میں کہا ہے کہ 'ان غیر ملکی شہریوں نے کورونا کے بارے میں مرکزی حکومت کے رہنما اصولوں کی خلاف ورزی کی ہے۔