چھتیس گڑھ کے ضلع درگ کے دیہی علاقوں میں کورونا تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ضلع کے ڈھور گاؤں میں 170 لوگ کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔اس گاؤں میں کچھ دن قبل ہی میلے کا انعقاد کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے ہی انفیکشن کے پھیلنے کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔ گاؤں کے بہت سے لوگ رائے پور مزدوری کے لیے جاتے ہیں، یہ بھی انفیکشن کی وجہ ہوسکتی ہے۔
گاؤں کے سرپنج سمیت متعدد لوگ کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔ اس سے قبل بھی گاؤں کے سرپنج کورونا مثبت پائے گئے تھے۔ گاؤں میں اتنی بڑی تعداد میں کورونا مریض کے سامنے آنے کے بعد انتظامیہ نے گاؤں کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں:کورونا کے پھر سے 62 ہزار سے زیادہ نئے معاملے
اس کے علاوہ گاؤں سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ 1500 خاندانوں پر مشتمل اس گاؤں کی آبادی تقریباً 4500 ہے، جہاں محکمہ صحت نے تین ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کروائے ہیں، جس میں 170 لوگ کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔
درگ سی ایم ایچ او ڈاکٹر گھمبیر سنگھ ٹھاکر نے بتایا کہ ڈھور گاؤں میں باہر سے آنے جانے والوں کی ایک فہرست تیار کی جارہی ہے۔ پورے گاؤں کو کنٹینمنٹ زون میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جو بھی شخص گاؤں میں آئے ہیں یہاں باہر گئے ہیں، ان کو قرنطینہ میں رکھا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ ضلع میں بڑھتے کورونا معاملات کے مدنظر کلکٹر نے دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔کورونا کی وجہ سے سخت ہدایت جاری کیے گئے ہیں۔ان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو جیل بھیجنے کی ہدایت جاری کیے گئے ہیں۔