بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بیروہ علاقے کے سیل گاؤں میں ایک چونکا دینے والے واقعہ پیش آیا جس میں کسی آپسی تنازعہ پر لڑائی کے بعد ایک شخص نے اپنے ہی سگے بھائی کو قتل کر دیا۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ 20 نومبر کو پولیس اسٹیشن بیروہ کو اطلاع ملی کہ ایک نوجوان کی لاش اس کی رہائش گاہ کے پیچھے زمین پر پڑی ہوئی پائی گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ابتدائی تفتیش شروع کر دی۔
پولیس نے متوفی کی شناخت سمیر احمد راتھر کے طور پر کی۔ پولیس نے فرانزک سائنس لیبارٹری (ایف ایس ایل) کی ٹیم کو بھی اس قتل کیس کی تحقیقات کرنے میں شامل کیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے متعدد مشتبہ افراد کو پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا جن میں متوفی کے اہل خانہ بھی شامل تھے۔ پوچھ گچھ میں مقتول سمیر کے بھائی عاقب احمد راتھر نے اس قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔ عاقب نے انکشاف کیا کہ 19 اور 20 نومبر کی درمیانی شب ان کے درمیان جگڑا ہوا جس کے نتیجے میں قتل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے لاوارث بچوں کو مل رہا ہے سہارا
مقتول کے والد اور بہن نے عاقب کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں اور اس کے اپنے بھائی کے قتل میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ پولیس نے عاقب کو گرفتار کرلیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔ عاقب کی جانب سے سمیر پر حملہ کرنے کے لیے استعمال کیے گئے ہتھیار سمیت ضروری شواہد بھی پولیس نے برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق اس سلسلے میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 302 کے تحت ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 143/2023 درج کیا گیا ہے۔