بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں ’’سب ڈسٹرکٹ اسپتال بیروہ میں ڈاکٹروں کی عدم دستیابی‘‘ سے مایوس مقامی باشندوں نے اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پولیس اور ضلع انتظامیہ نے مداخلت کرکے مظاہرین کو منتشر کیا۔ مقامی باشندوں کی جانب سے احتجاج کے سبب انتظامیہ حرکت میں آئی اور جلد ہی تحصیلدار بیروہ موقع پر پہنچے اور احتجاجیوں کو یقین دلایا کہ ’’بغیر کسی تاخیر کے ہسپتال میں ضرورت کے مطابق اضافی ڈاکٹروں کو تعینات کیا جائے گا۔‘‘
مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ ’’تین ڈاکٹروں - جو ہسپتال کے معاملات کو سنبھال رہے تھے - کو دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جبکہ اسپتال میں کوئی متبادل نہیں بھیجا گیا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بیروہ درجنوں دیہات میں رہائش پذیر لوگوں کی طبی ضرورت کو پورا کرتا ہے اور اس کے باوجود اس ہسپتال کو نا معلوم وجوہات کی بنا پر غیر فعال بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Lack of Doctors in Maternity Hospital Sopore: زچہ بچہ اسپتال میں عملہ کی کمی، خواتین نے کیا احتجاج
مظاہرین نے مزید الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب بھی مریضوں کو علاج کے لیے سب جلع اسپتال پہنچایا جاتا ہے، انہیں نجی اسپتالوں / کلنک ریفر کر دیا جاتا ہے کیونکہ یہاں ڈاکٹرز ہی موجود نہیں ہیں۔ متعدد بار شکایات کی گئیں تاہم کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔‘‘ ادھر، بڈگام کے چیف میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر ایوب، نے اس ضمن میں بتایا کہ ’’ہسپتال سے کسی بھی ڈاکٹر کا تبادلہ نہیں کیا گیا ہے بلکہ انہیں عارضی بنیادوں پر دیگر مراکز بھیجا گیا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ تمام ڈاکٹر ہسپتال میں جلد ہی واپس آ جائیں گے۔