عید الفطر کے موقع پر شیعہ علماء کرام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس گائڈلائنز پر عمل کریں تاکہ اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔
جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعان دارالمصطفی کے صدر آغاسید حسن اور انجمن شرعی شیعان کے شریعت آباد کے صدر آغاسید ہادی نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ماہرین کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ کے چلتے جیسے رمضان المبارک کے دوران اجتماعی مجالس اور نمازیں معطل کی گئی اسی طرح عید الفطر کی نماز بھی اجتماعی طور پر منعقد نہیں ہوگی۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں ہی ایس او پیز کے تحت نماز عید الفطر انجام دیں اور خدا کی بارگاہ میں دعا گو ہو جائیں تاکہ اس وائرس سے ہمیں نجات حاصل ہو سکے۔
انہوں نے لوگوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورت حال مومین کے لیے آزمائش بھی ہے اور درس عبرت بھی تاکہ انسان غور و فکر کرے کہ ہمارا کردار و عمل کس حد تک اللہ تعالیٰ اور قوانین قدرت کے ساتھ مسابقت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کراپ انشورنس اسکیم متعارف کرنے کی کسانوں کی مانگ
واضح رہے کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر جموں و کشمیر میں کورونا کرفیو نافذ ہے۔ لوگوں کو اس جان لیوا بیماری سے محفوط رکھنے اور اس وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے انتظامیہ نے یہ اقدامات کئے ہیں۔ ایسے میں آج بھی سکیورٹی فورس نے بڈگام میں سخت کرفیو نافذ کیا اور دکانداروں کو دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
'لاک ڈاؤن کے چلتے ہمیں عید الفطر کے اس مقدس موقع پر اپنے پاک اور طیب اموال سے ضرورت مندوں کی معاونت کرنی چاہیے تاکہ وہ بھی ہمارے ساتھ عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں' ان خیالات کا اظہار ترال کے نامور عالم دین قاضی فاروق احمد بلالی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کیا۔