بڈگام: جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز، (جے کے اے اے سی ایل) نے فوک آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے گورنمنٹ ڈگری کالج چاڈورہ میں دو روزہ واتھورہ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد عمل میں لایا۔ فیسٹیول کا افتتاح کمشنر سیکرٹری ٹورزم اینڈ کلچر، ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ، نے کیا۔ تقریب میں معروف فنکاروں اور کالج کے طلباء کی پرفارمنس نے حاضرین کو مسحور کر دیا۔
پروگرام کے پہلے روز فنکاروں کے مختلف گروپس نے کشمیری روف، صوفیانہ موسیقی، لوک موسیقی، روایتی بانڈ پاتھر، دمبالی رقص، ونہ وُن، لڈی شاہ سمیت دیگر پروگرامز کے ذریعے حاضرین سے داد وصول کی۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری ٹورزم نے منتظمین، فنکاروں اور طلباء کو سرد موسم اور بارش کے باوجود پرجوش شرکت پر ان کی سراہنا کی۔ انہوں نے جے کے اے اے سی ایل کو جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں ان ثقافتی پروگرامز کا انعقاد کو جاری رکھنے اور جموں و کشمیر کے شاندار ثقافتی ورثے کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے نوجوانوں پر بھی زور دیا کہ وہ مستقبل میں یہاں کی ثقافت کو زندہ رکھنے میں اپنا اہم اور کلیدی کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے بھی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں اور انتظامیہ فنکاروں یا ثقافتی سرگرمیوں سے وابستہ افراد کی مدد کے لیے ہمہ وقت پیش پیش رہتی ہے تاکہ ہماری ثقافت آئندہ نسل تک محفوظ رہ سکے۔
مزید پڑھیں: Cultural Festival at Bijbehara: بجبہاڑہ میں کلچرل پروگرام منعقد
تقریب میں پرنسپل جی ڈی سی چاڈورہ پروفیسر رفعت آرا، انچارج آفیسر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر فاروق انور مرزا، ڈاکٹر سید افتخار احمد، ڈاکٹر شبنم رفیق، نثار نسیم، ایم یوسف شاہین سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔