بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع کے ماگام علاقے میں ایک سڑک حادثے کے دوران سرینگر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی موت واقع ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل زیر رجسٹریشن نمبر JK01A-4393 اور ایک نجی کار کے مابین ٹکر کے نتیجے میں موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر سوار شخص سڑک پر آگرا اور ایک تیز رفتار سومو گاڑی نے اسے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں اُس کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔
یہ حادثہ ماگام کے اگریکلان علاقے میں پیش آیا اور حادثہ کے بعد موٹر سائیکل ڈرائیور سمیت سومو ڈرائیور موقع سے فرار ہو گئے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ڈرائیور کو پکڑنے کے لیے تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ادھر، پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر طبی و قانونی لوازمات کے بعد آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا۔
حادثہ میں فوت ہونے والے شخص کی شناخت راحیل فیروز کھانڈے ولد فیروز احمد کھانڈے ساکن قمر واری، سرینگر کے طور پر ہوئی ہے۔