بڈگام: جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں پولیس نے فوجی جوان کے قتل معاملے میں پانچ ملزمین کے خلاف چارج شیٹ داخل کیا ہے۔ بتا دیں کہ علاقہ لوکی پورہ کھاگ بڈگام میں ایک فوجی اہلکار کو اغوا کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ Police file chargesheet against five persons in Budgam
بڈگام پولیس نے اطہر الٰہی شیخ او جی ڈبلیو لشکر طیبہ (جو اس وقت کوٹ بلاول جیل میں بند ہیں) ولد غلام محمد شیخ ساکن لوکی پورہ کھاگ، محمد یوسف ڈار عرفِ کانٹرو ( لشکر طیبہ تنظیم کا کمانڈر تھا اور اسی سال ایک اینکاونٹر میں ہلاک ہو گیا ہے) ولد عبدالغنی ڈار ساکن چیکہ کاوؤسہ ناربل، فیصل حفیظ ڈار ( لشکر طیبہ تنظیم سے تعلق رکھتا تھا اور اب فوت ہو چکا ہے) ولد حفیظ اللہ ڈار ساکن آری پانتھن ماگام، ہلال احمد شیخ عرف حنظلہ( لشکر طیبہ تنظیم سے تعلق رکھتا تھا اور اب فوت ہو چکا ہے) ولد عبدالحمید شیخ ساکن شراک وؤر وگورہ بارہ مولہ اور غیر ملکی عسکریت پسند غازی بھائی عرف پٹھان بھائی (لشکر طیبہ تنظیم کا سرکردہ عسکریت پسند) کے خلاف چارج شیٹ داخل کیا ہے۔
واضح رہے کہ 7 مارچ 2022 کو تقریباً 9:30 بجے، پولیس اسٹیشن کھاگ کو 05 JAKLI کے فوجی کے لاپتہ ہونے کی شکایت موصول ہوئی تھی، جس کا نام محمد سمیر ملہ ولد محمد یعقوب ملہ ساکن لوکی پورہ کھاگ تھا۔ شکایت موصول ہونے کے بعد لاپتہ فوجی کی تلاش شروع کی گئی۔ تین دن کے بعد 10 مارچ 2022 کو کھاگ پولیس تھانہ کو اطلاع موصول ہوئی کہ لاپتہ فوجی اہلکار کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ اس کے مطابق باضابطہ ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرِ نمبر 09/2022 U/S 364، 302 IPC تھانہ کھاگ میں درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئی۔
دوران تفتیش ایک (OGW) او جی ڈبلیو اطہر الٰہی شیخ کو گرفتار کیا گیا، جس نے پوچھ گچھ کے دوران اعتراف کیا کہ اس نے عسکریت پسند تنظیم لشکر طیبہ کے دیگر چار عسکریت پسندوں کے ساتھ مل کر سات مارچ کو محمد سمیر ملہ کو اغوا کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں محمد سمیر جاں بحق ہو گیا۔ تفتیش اور تلاش کے دوران مذکورہ جرم میں ملوث مزید تین عسکریت پسند 21 اپریل 2022 کو گاؤں مالوا کنزر میں ایک اینکاونٹر کے دوران مارے گئے، جبکہ ایک ملزم سیریل نمبر پانچ غازی بھائی جو کہ پاکستانی ہے، اب بھی فرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں: CRPF Jawan Killed Himself جھارکھنڈ میں کشمیرکا سی آر پی ایف جوان گولی لگنے سے ہلاک
اس کیس میں مزید تفتیش اور شواہد اکٹھے کرنے کے دوران، مذکورہ پانچوں ملزمان کے خلاف دفعہ 364, 302,392, 201,149 IPC, 16,18,19,20,38,39 ULA(P) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ سی ایف ایس ایل چنڈی گڑھ سے ماہرین کی رائے حاصل کی جانی تھی، جس کی وجہ سے چارج شیٹ تیار کرنے میں تھوڑی تاخیر ہوئی۔