بڈگام (جموں و کشمیر) : جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے عوام کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے بڈگام پولیس نے پولیس اسٹیشن کھاگ میں ایک PCPG میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا۔ پولیس پبلک میٹنگ کی صدارت ایس ایچ او پولیس اسٹیشن کھاگ انسپکٹر بہار احمد نے کی جس میں کھاگ علاقے کے کنچھتی پورہ اور خانپورہ گاؤں کے معززین نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران عوامی اہمیت کے مختلف امور بشمول منشیات کی بدعت پر قابو پانے اور نوجوانوں میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے بنیادی ضروریات کی فراہم خصوصاً پینے کے لئے صاف پانی اور بنا خلل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے جانے اور سڑکوں کی مرمت کیے جانے کی عوامی مانگ سے چئیرنگ (پولیس) آفیسر کو آگاہ کیا اور عوامی اہمیت کے مسائل کے ازالے کے لیے ان سے معاونت کی اپیل کی۔
شرکاء نے پولیس کے ساتھ کچھ اہم عوامی مسائل بھی اٹھائے جن پر انہیں متعلقہ چئیرنگ آفیسر کی جانب سے یقین دلایا گیا کہ جو بھی مسائل پولیس کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں انہیں پولیس مرحلہ وار طریقے سے حل کرے گی۔ چیئرنگ آفیسر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ منشیات کے استعمال اور معاشرے پر پڑنے والے اس کے مضر اثرات کے بارے میں آگاہی پھیلائیں۔
چیئرنگ آفیسر نے شرکاء سے درخواست کی کہ وہ منشیات کی بدعت سمیت دیگر جرائم کے خاتمے میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ علاقے میں پر امن ماحول برقرار رہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں کسی بھی قسم کے غیر قانونی کام میں مبتلا افراد کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیں تاکہ کھاگ تحصیل کو جرم اور مجرم دونوں سے پاک رکھا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر پولیس عوام کے ساتھ اس طرح کی خصوصی میٹنگ بشمول تھانہ دیوس کا انعقاد کرتی رہتی ہے اور عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں دریافت بھی کیا جاتا ہے۔ عام طور پر پولیس کے دائرہ اختیار کے مسائل پر فوری کارروائی شروع کی جاتی ہے جبکہ باقی ماندہ مسائل کو مرحلہ وار طریقے سے حل کیا جاتا ہے۔ ایسے پروگرامز سے پولیس اور عوام کے درمیان خلا کو پر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تاکہ پولیس مزید شفاف اور جواب دہ بنے۔