بڈگام (جموں و کشمیر) : وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں بھی دیگر اضلاع کی طرح ’میری مٹی میرا دیش‘ مہم تیسرے روز بھی رنگا رنگ پروگرامز اور سرگرمیوں کے ساتھ جوش و جذبے کے تحت جاری رہی۔ اس مہم کے تحت ضلع بھر میں بڈگام پولیس کی جانب سے منعقد کی گئی متعدد اثر انگیز سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا گیا۔ اسی سلسلہ کے تحت ضلع کے ماگام اور ناربل قصبوں میں ریلیاں برآمد کی گئیں۔ دن کا آغاز ان ہی ریلیز سے ہوا جہاں پر پی آر آئی اراکین، مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور اسکولی بچوں نے شرکت کی۔
سب ڈویژن خانصاحب اور وترہیل بلاکس میں بھی پنچ پران عہد کی تقریبات منعقد کئی گئیں جن میں پولیس اسٹیشن خانصاحب اور پولیس چوکی وترہیل میں پولیس افسران اور اہلکاروں نے ’’پران عہد‘‘ تقریبات میں حصہ لیا۔ جس میں شرکاء نے ’’عظیم قوم کی ترقی اور اس میں مثبت کردار ادا کرنے کے عزم‘‘ کا اعادہ کیا۔ پولیس اسٹیشن بڈگام، پولیس پوسٹ سویہ بگ اور پولیس پوسٹ ہمہامہ کے اہلکار و افسران اُن بہادر سپاہیوں کے اعزاز کے لیے جمع ہوئے جنہوں نے لوگوں کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
گلوبل وارمنگ اور دیگر ماحولیاتی خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے پولیس افسران اور اہلکاروں نے چرارشریف، پکھر پورہ اور کھاگ میں شجر کاری مہم کے تحت درجنوں پودے لگائے۔ جبکہ نوجوان نسل کو اس بارے میں بیداری فراہم کی گئی اور ساتھ ہی ان کو بھی شجر کاری مہم کی ترغیب دی گئی۔ دن ڈھلنے کے ساتھ ہی پولیس اسٹیشن چاڈورہ اور پولیس پوسٹ مونچھوا میں شہیدوں کی یاد میں دیئے روشن کئے گئے۔
مزید پڑھیں: Meri mitti mera desh campaign: پلوامہ میں ثقافتی و تمدنی پروگرام منعقد
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں بھی سرکاری سطح پر ’’میری مٹی میرا دیش‘‘ تھیم کے تحت مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہیں، یہ سلسلہ آنے والے 15 اگست 2023 تک جاری رہے گا۔