سرینگر: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعرات کو یونین ٹریٹری کی بڈگام سے بانہال تک چلنے والی پہلی شیشے کی چھت والی وستاڈوم ٹرین کا افتتاح کیا۔منوج سنہا نے اس موقع پر کہا کہ جدید ترین وستا ڈوم ٹرین مقامی مسافروں اور سیاحوں کو وادی میں جدید دور کے سفر کے تجربے سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرئے گی۔
تفصلات کے مطابق جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعرات کے روز سرینگر ریلوے اسٹیشن پر بڈگام سے بانہال تک چلنے والی پہلی وستا ڈوم ٹرین کا افتتاح کیا۔
ایل جی نے سرینگر ریلوے اسٹیشن پر وسٹاڈوم کوچ کا افتتاح کرنے کے بعد اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسٹاڈم کوچ ایک جدید ترین ٹرین ہے، جس میں تفریح اور بیٹھنے کی جدید خصوصیات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ "اس ٹرین میں جدید سہولیات ، چارچنگ پوائنٹس ، شفاف شیشے سے بنی چھت اور کھڑکیاں، سینسرز کے ساتھ خود کار دروازے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وسٹاڈوم ٹرین میں سفر کرنے والے مقامی مسافروں اور سیاحوں کو جدید دور کے سفر سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم ہوگا۔
منوج سنہا نے کہا کہ اس جدید ترین ٹرین میں لوگوں کو سفر کرنے میں نہ صرف آسانی ہوگی بلکہ وہ قدرتی نظاروں سے بھی لطف اندوز ہونگے ۔ایل جی نے کہا کہ نئی ٹرین بڈگام سے بانہال تک چلے گی جبکہ وہ وقت دور نہیں جب یہ ٹرین کشمیر کو کنیا کماری سے جوڑے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ وسٹا ڈوم کا تعارف جموں وکشمیر کے ترقیاتی سفر کی طرف ایک اور قدم ہے۔
منوج سنہا نے کہا کہ جی ٹونٹی اجلاس کے بعد جموں وکشمیر میں غیر ملکی سیاحوں کی کی تعداد میں 350 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال 1.88کروڑ سیاحوں کی آمد کے مقابلے میں امسال تیس ستمبر تک 1.70کروڑ سیاح جموں وکشمیر وارد ہوئے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سال کے آخر تک 2.25کروڑ سیاحوں کی آمد کا امکان ہے۔
ایل جی نے کہا کہ نئی ٹرین نہ صرف مسافروں کو بڈگام سے بانہال لے جائے گی بلکہ بڈگام، قاضی گنڈ اور بانہال پوائنٹس پر نوجوانوں کو روزی روٹی کے مواقع بھی فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں ریلوے کی طرف سے پیش کی جانی والی اس سروس سے مسافروں کو 110 کلو میٹر کے سفر کے دوران دلکش و خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہونے کا موقع میسر ہوگا۔یہ ٹرین اس 110 کلو میٹر طویل مسافت کو صرف 90 منٹوں میں طے کرے گی۔
مزید پڑھیں:
اس مخصوص ائیر کنڈیشنڈ ٹرین میں شیشے کی بڑی کھڑکیاں، شیشے کی چھت، ایک مشاہداتی لاﺅنج اور گھومنے والی سیٹیں ہیں۔یہ ٹرین سرینگر، اونتی پورہ، اننت ناگ، قاضی گنڈ اور بانہال سمیت اہم مقامات پر رکے گی۔
اس ٹرین میں پریمیم کلاس مسافروں کے سفر کے لئے ایئر کنڈیشنڈ چیئر کار کوچ بھی شامل ہے مزید برآں اس میں مسافروں کے لئے کھانے پینے کی سہولیت کے لئے سیٹوں کے ساتھ ٹرائے بھی منسلک ہیں۔اس ٹرین میں بھی ہوائی جہاز کی طرح دوران سفر ہلکے کھانے کا آرڈر دیا جاسکتا ہے۔ شمالی ریلوے نے اعلیٰ حکام کی نگرانی میں اس ٹرین کا ٹرائل رن بڈگام سے بارہمولہ تک کیا تھا۔