سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چاڈورہ تصادم کے دوران ایک عسکریت پسند کو ایک اے کے 47 رائفل سمیت زندہ گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ عسکریت پسند کی شناخت جہانگیر احمد بٹ کے بطور ہوئی ہے۔ ان کا تعلق چاڈورہ علاقے سے ہی ہے۔
ایس پی بڈگام امود اشوک ناگپورے نے کہا کہ یہ عسکریت پسند تین روز قبل ایس او جی کیمپ چاڈورہ سے دو اے کے 47 رائفلیں سمیت لاپتہ ہونے والے ایس پی او الطاف حسین کا ساتھی تھا۔
ناگپورے نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج ، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے چاڈورہ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جوں ہی سیکورٹی فورسز نے ایک مشتبہ جگہ کو گھیرے میں لیا تو وہاں چھپے عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
ایس پی بڈگام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے عسکریت پسند کو سرینڈر کرنے کا موقع فراہم کیا۔ اس دوران ہمارے فورسز کے جوانوں نے بڑی حکمت سے فائرنگ کرنے والے عسکریت پسند کو گرفتار کر لیا۔ اس کی تحویل سے ایک اے کے 47 بھی برآمد ہوا ہے۔
بعض رپورٹس کے مطابق اسی علاقے میں چند روز قبل اسلحہ سمیت لاپتہ ہونے والا ایس پی او الطاف حسین تصادم کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
خیال رہے کہ بڈگام ضلع، وسطی کشمیر کا حساس علاقہ ہے اور سرینگر کے نزدیک واقع ہونے کی وجہ سے اس علاقے کو اہمیت حاصل ہے۔ جموں و کشمیر کا واحد بین الاقوامی ہوائی اڈہ بھی اسی ضلع میں موجود ہے۔