بڈگام (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں منگل کی صبح ایک 19 سالہ لڑکی کی مبینہ طور خود کشی کے سبب موت واقع ہو گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ضلع کے ناری گنڈ، کیچ علاقے سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی نے اپنے گھر میں خود کو پھانسی دے کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ اہل خانہ نے جوں ہی متوفیہ کو پھندے سے لٹکتے ہوئے پایا تو انہوں نے فوری طور اسے ایس ڈی ایچ خانصاحب پہنچایا تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ معالجین کے مطابق اسپتال پہنچانے سے قبل ہی لڑکی کی موت واقع ہو چکی تھی۔
بڈگام پولیس کے ایک افسر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے واقعے کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور لڑکی کے اس طرح کے انتہائی قدم اٹھانے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق قانونی و طبی لوازمات کی تکمیل کے بعد میت کو آخری رسومات کے لیے لواحقین کے سپرد کر دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: Security Personnel Dies of Suicide : بڈگام میں سیکورٹی اہلکار نے کی خودکشی
واضح رہے کہ یو ٹی جموں و کشمیر خاص کر وادی میں گزشتہ برسوں کے دوران خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ خودکشی کے سبب ہو رہی اموات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں سماج کے ہر طبقے کو آگے آکر اس سنگین مسئلے پر تبادلہ خیال کرکے خودکشی کے بڑھتے رجحان کو کم کرنے کے لیے کام کرنے کی سخت ضرورت ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ وادی کشمیر میں نامساعد حالات، بےروزگاری، منشیات کے سبب بڑھتے نفسیاتی امراض کی وجہ سے بھی خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تاہم عام شہریوں کے ساتھ ساتھ سیکورٹی اہلکار بھی خودکشی جیسے اقدمات اٹھا رہے ہیں۔