بڈگام: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں 15 اگست کو منائے جانے والے یوم آزادی کے سلسلے میں اتوار کے روز اسپورٹس اسٹیڈیم بڈگام میں فل ڈریس ریہرسل کا انعقاد کیا گیا۔ فل ڈریس ریہرسل میں اے ڈی ڈی سی بڈگام ڈاکٹر اکرم اللہ ٹاک نے قومی پرچم لہرایا ۔ اس کے علاوہ موصوف نے پریڈ کمانڈر اور دستوں سے سلامی لینے کے علاوہ دستوں کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ مارچ پاسٹ پریڈ میں حصہ لینے والے دستوں میں پولیس، جے کے اے پی، سی آر پی ایف، این سی سی اور ضلع بڈگام کے مختلف اسکولوں کے طلبہ کے دستے شامل تھے۔
اس کے علاوہ فنکاروں اور دیگر گروپس اور طلبہ نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے جس میں قومی گیتوں اور مقامی مقبول گانوں نے حاضرین کو مسحور کیا اور زبردست تالیاں بجائیں۔ واضح رہے کہ یوم آزادی تقریب سے قبل جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع میں فل ڈریس ریہرسل کی گئی۔ ان تقاریب میں جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، این سی سی اور مختلف اسکولوں کے طلبہ کے دستوں نے مارچ پاسٹ پیش کیا۔
مزید پڑھیں: Independence Day 2023 ستتّرہویں یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم لال قلعہ سے کریں گے جشن کی قیادت
بتادیں کہ وزیراعظم نریندر مودی 15 اگست کو دہلی کے تاریخی لال قلعہ سے 77واں جشن آزادی منانے میں قوم کی قیادت کریں گے۔ وہ قومی پرچم لہرائیں گے اور تاریخی عمارت کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے۔ اس سال کے یوم آزادی کے موقع پر ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی تقریبات اختتام پذیر ہوں گی جن کا آغاز وزیر اعظم نے 12 مارچ، 2021 کو احمد آباد، گجرات کے سابرمتی آشرم سے کیا تھا، اور یہ یومِ آزادی ایک بار پھر ہندوستان کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے نریندر مودی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیےملک کو نئے ولولے اور جوش کے ساتھ ’امرت کال‘ میں داخل کرے گا۔ 77 ویں یوم آزادی منانے کے لیے متعدد نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔