لیبرس نے ڈی سی آفس بڈگام کے روبرو بہشت زہرا پارک میں اپنی زیر التوا اجرت کی واگزاری کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قریب اٹھارہ مہینے کی تنخواہ کو واگزار نہیں کیا گیا ہے۔
انہوں نے محکمہ جنگلات کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے اپنا احتجاج درج کرایا۔ احتجاجیوں نے کہا کہ وہ محکمہ میں انیس سو اٹھانوے سے کام کر رہے ہیں اور ہر بار انہیں تنخواہ کی واگزاری کا مطالبہ رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سالوں میں انہیں صرف دو مہینے کی ہی تنخواہ واگزار ہوئی ہے۔
احتجاجیوں نے کہا کہ وہ اپنا کام پوری ایمانداری کے ساتھ کرتے ہیں مگر جب تنخواہ کی بات آتی ہے تو محکمہ ان کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کرتا۔ ایک احتجاجی نے کہا کہ 'چاہے ڈیوٹی ہو یا پھر دوسرے کام وہ محکمہ کے شانہ بہ شانہ کام کرتے ہیں، لیکن بد قسمتی سے ان کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تنخواہ واگزار نہ ہونے سے ان کے عیال بھی پریشان ہوتے ہیں۔ احتجاجیوں نے یہ بھی کہا کہ ان کو اپنے بچوں کی فیس بھرنی ہے تاکہ وہ اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں لیکن جب ان کی تنخواہ ہی نہیں ہے تو وہ اپنے بچوں کی فیس بھی نہیں دے پا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بڈگام : محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس نے پانی کے تحفظ کا عالمی دن منایا
احتجاجیوں نے محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ ضلع انتظامیہ سے بھی اپیل کی ہے کہ ان کی طرف توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو وہ سڑکوں پر اتر آئیں گے اور بڑے پیمانے پر احتجاج کریں گے۔