وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے بی کے پورہ حلقے سے پہلی اور نئی منتخب امیدوار سائمہ جان نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے ایک خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ہوئے بتایا کہ ''میری جیت کا سہرہ میں اپنے حلقے کے عوام کے سر باندھنا چاہتی ہوں۔ عوام نے مجھے اپنا وؤٹ دے کر کامیاب بنایا ہے انہوں نے اپنا فرض پورا کیا اور اب میری باری ہے کہ میں اپنے حلقے کے لوگوں کے مسئلے و مسائل کا ازالہ کروں۔''
سائمہ جان نے بی کام (B.com) کیا ہے اور وہ کراٹے میں بلیک بلٹ فور ڈن کٹگری کی کھلاڑی ہے۔ اس کے علاوہ وہ بطورِ فیزکل ٹیچر کے بھی سپورٹس میں کام کر رہی تھی۔
انہوں نے نیشنل و انٹرنیشنل مقابلوں میں حصہ لیا ہے اور مختلف اعزازات بھی حاصل کئے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ نئیٹ ورک مارکیٹنگ بھی کر رہی تھی۔سائمہ جان نے اپنے علاقے میں ایک سیلف ڈیفنس اکیڈمی بھی کھولی ہوئی ہے جس میں وہ پہلے صرف لڑکیوں کو سیلف ڈیفنس اور کراٹے سِکھاتی تھی بعد میں وہ لڑکوں کو بھی تربیت دینے لگی۔
لوگوں کی خدمت کرنے کا جو جزبہ سائمہ میں ہے اس کا اس بات سے بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ سیاست میں آنے سے پہلے بھی اپنے ضلع میں خواتین کے سلیف ہیلپ گروپ بناتی تھی تاکہ اس سے ان کی معاشی حالت بہتر ہو۔
سائمہ جان نے ای ٹی وی کو بتایا کہ ''میرا سیاست میں آنے کا واحد مقصد لوگوں کی خدمت کرنا ہے اور یہ میرے پہلے سے ہی دل میں جزبہ تھا کہ میں خدمت خلق کرو۔ اور اب انشاءاللہ آنے والے وقت میں دیکھیں گے کہ میرا حلقہ بی کے پورہ ہے وہ تعمیر و ترقی کے لحاظ سے ضلع میں اول نمبر پر ہوگا۔''
انہوں نے کہا کہ ''میرا حلقہ چونکہ سرینگر اور نیشنل ہائی وے کے بالکل نزدیک ہونے کے باوجود بھی تعمیر و ترقی میں پیچھے ہے۔ اب تک یہاں کے لوگوں کی صحیح طرح سے نمائندگی نہیں ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر پیپلز مومنٹ کی بنیاد ہی اسی پر ہے کہ ہم لوگوں میں رہ کر ان کی مشکلات کا ازالہ کر لے۔''
سائمہ جان نے مزید بتایا کہ ''خواتین کے لیے صرف پانچ نشستوں کو ہی مخصوص نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اگر ضلع میں کل چودہ ڈی ڈی سی کی نشستیں ہیں تو سات مردوں کے لیے اور سات خواتین کے لیے مخصوص ہونی چاہئے تاکہ برابر کی حصہ داری ملے۔ ہر ایک کو اپنا پورا حق ملنا چاہیے۔ ایک عورت ایک ماں، بیٹی اور بیوی ہوتی ہے اور اسی کی کوکھ سے مرد کا جنم ہوتا ہے لہذا اس کو ہر ایک محاذ پر برابر کا حق ہے اور وہ اس محاذ پر لڑنا بھی جانتی ہے۔''
سائمہ جان نے 2335 ووٹ حاصل کئے اور ان کے قریبی مدمقابل رخسانہ اختر نے بطورِ آزاد امیدوار کل 982 وؤٹ حاصل کئے اس طرح جے کے پی ایم کی امیدوار سائمہ جان نے 1353 وؤٹوں سے بی کے پورہ کی ڈی ڈی سی نشست کو جیت لیا۔