بڈگام: جموں و کشمیر پولیس نے معاشرے سے منشیات کی بدعت کو ختم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا ہے۔ بڈگام پولیس نے حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی تحویل سے منشیات ضبط کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
جموں کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ بڈگام ضلع کے چاڈورہ علاقے کے گنڈ مقصود کے نزدیک مہنور کراسنگ پر معمول کی ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن چاڈورہ کی ٹیم نے ایک شخص کو مشکوک حالات میں گھومتے دیکھا۔ پولیس بیان کے مطابق پولیس پارٹی سے خوفزدہ شخص نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی نے اس کا تعاقب کرتے ہوئے اسے دھر دبوچا۔
مزید پڑھیں: شوپیاں میں منشیات فروش کے گھر سے چرس اور بھاری مقدار میں نقدی برآمد
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران حراست میں لیے گئے شخص نے اپنی شناخت آصف شفیع بٹ ولد محمد شفیع بٹ ساکنہ گنڈ مقصود، چاڈورہ کے طور پر ظاہر کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے تقریباً 8 گرام وزنی ہیروئن برآمد ہوئی ہے جس کے بعد اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ بڈگام پولیس نے پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 2023/255 درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔