جموں و کشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں ساتویں مرحلے کے تحت جن دو انتخابی حلقوں میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ان میں سوئبگ اور پارنیوہ شامل ہیں۔ سوئبگ میں 12 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں جبکہ پارنیوہ انتخابی حلقہ خواتین کے لئے مخصوص ہے اور یہاں سے 8 خواتین اپنی قسمت آزمائی کر رہی ہیں۔
وہیں ان حلقوں میں 16 سرپنچ سیٹوں کے لیے 45 جبکہ 105 پنچ سیٹوں کے لئے 241 امیدوار بھی انتخاب لڑ رہے ہیں۔
بڈگام ضلع میں ساتویں مرحلے کے تحت ان دو حلقوں میں ہورہی ووٹنگ کے لئے 166 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ بڈگام کی ان دو نشستوں میں 67 ہزار 3 سو 61 رائے دہندگان کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔
ساتویں مرحلے کے تحت بڈگام ضلع کے دو حلقوں میں این سی، اے این سی، بی جے پی، اپنی پارٹی اور پی ڈی ایف کے علاوہ آزاد امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت میں آزاد امیدوار منظور احمد بٹ نے ڈی ڈی سی انتخابات سے متعلق اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لوگوں کا بھر پور تعاون مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئبگ بلاک کے لوگوں کو کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جنہیں حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بات چیت کے دوران منظور احمد بٹ نے کہا کہ دیگر بنیادی مسائل و معاملات کے علاوہ یہاں نوجوانوں کے لئے کھیل کود کا میدان میسر نہیں ہے جس کی وجہ سے سوئبگ علاقے کے نوجوان کھیل کود کی سرگرمیوں میں بہتر طور سے شرکت نہیں کر پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ منتخب ہوتے ہیں تو گاؤں دیہات کے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ علاقے میں کھیل کود کو بڑھاوا دینے کے لئے بھی کام کریں گے۔