بڈگام (جموں کشمیر) : وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں پولیس نے جرائم کے خلاف ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے بڈگام پولیس نے چند گھنٹوں کے اندر ہی چوری کے ایک معاملے کو حل کر کرنے اور لاکھوں روپے مالیت کا مسرقہ مال بازیاب کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بڈگام پولیس نے چوری کے معاملے میں دو افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دسمبر کی سات تاریخ کو پولیس چوکی مونچھوا کو وکاس کمار پنڈت ولد لیفٹیننٹ رام لال پنڈت ساکنہ ہندو محلہ، کرالہ پورہ، چاڈورہ کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں شکایت کنندہ نے دعویٰ کیا کہ وہ چاڈورہ سے اپنے گھر جا رہے تھے اور کچھ نامعلوم افراد نے راستے میں ہی 12.5 لاکھ روپے مالیت سونے (Gold) کے زیورات چھین کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے تحریری شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 253/2023 پولیس اسٹیشن چاڈورہ میں درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ واقعے پر تیزی سے کام کرتے ہوئے، پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے سخت کوششوں، ٹیکنالوجی اور تکنیکی معلومات کی مدد سے ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں ملزمین کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے لوٹا گیا سونا بھی برآمد کیا۔
مزید پڑھیں: Budgam Man Attacked by In laws: بڈگام میں سسرال والوں نے داماد کو پیٹا
بڈگام پولیس نے ملزمان کی شناخت اعجاز احمد خان ولد غلام الدین خان ساکنہ باغ مہتاب، سرینگر اور شوکت احمد خان ولد بلال احمد خان ساکن باغِ مہتاب، سرینگر کے طور پر ظاہر کی ہے۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس کیس کی مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہیں۔