ضلع ترقیاتی کمشنر شہباز احمد مرزا نے بتایا کہ بڈگام میں مسلسل کورونا کے کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے اور اب مثبت معاملوں کی شرح صرف دو فیصد تک گھٹ گئی جبکہ 97 فیصد افراد اس وبا سے صحتیاب ہوئے ہیں۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز مرزا نے بتایا کہ یکم اپریل سے اب تک ضلع میں 14187 مثبت معاملے درج ہوئے ہیں، جن میں سے اب تک 13584 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ ڈی سی نے کہا کہ ضلع میں اب صرف 640 فعال معاملے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرینگر پریس کالونی میں دوکانداروں کا احتجاج
ٹیکہ کاری مہم کے حوالے سے جانکاری دیتے انہوں نے بتایا کہ ضلع میں 45 سال سے زائد عمر کے افراد کو ٹیکہ دینے کا عمل 80 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سے 45 سال عمر کے افراد کو ٹیکہ دینے کا عمل 30 فیصد مکمل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیسوں میں کمی درج ہونے کے بعد انتظامیہ نے فیصلہ لیا ہے کہ ہفتے کے پانچ دن بازار کھلے رہیں گے۔
ڈی سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ لازمی طور پر ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کا بھی لوگوں کو مشورہ دیا۔