بڈگام: وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جموں و کشمیر پولیس نے متعلقہ اعلیٰ حکام سے منظوری کے بعد ایک ’’بدنام زمانہ‘‘ نقب زن پر پی ایس اے عائد کرکے اسے جیل بھیج دیا۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ’’عادی چور کئی معاملات میں مطلوب تھا۔‘‘ بڈگام پولیس نے نقب زن کی شناخت عمران حسین میر ولد منظور احمد میر ساکنہ ککڑ پورہ، میرگنڈ، ضلع بارہمولہ کے طور پر کی۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ’’بے لگام مجرمانہ کارروائیوں کے لیے عمران کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا ہے۔‘‘
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کر کے پی ایس اے کے تحت حراست میں لئے گئے نقب زن کو ڈسٹرکٹ جیل کپوارہ منتقل کیا گیا۔ بڈگام پولیس کا دعویٰ ہے کہ مختلف پولیس اسٹیشنز میں درج چوری، نقب زنی کے ایک درجن مقدمات میں ملزم براہ راست ملوث تھا۔ جموں و کشمیر پولیس نے اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن ماگام میں 04 ایف آئی آر درج ہیں۔ یہ ایف آئی آر نمبرات 242/2021,254/2021, 14/2023,15/2023, ۔ اسی طرح پولیس اسٹیشن پٹن میں بھی اس کے خلاف 05 ایف آئی آر درج ہیں۔ یہ ایف آئی آر نمبرات 73/2020، 74/2023، 48/2021، 57/2022، 240/2021، اور اس کے علاوہ پولیس اسٹیشن کنزر میں بھی 03 ایف آئی آرز 89/2022، 69/2022، 107/2022 درج ہیں۔
مزید پڑھیں: Drug Peddlers Booked Under PSA چار منشیات فروش پی ایس اے کے تحت گرفتار
بڈگام پولیس کی اس کارروائی کی عوامی حلقوں نے کافی سراہنا کی ہے۔ وہیں جموں و کشمیر پولیس نے پیشہ ور اور عادی مجرموں سے تخریبی کارروائیوں سے باز رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی اور امن و امان میں بگاڑ پیدا کرنے والے کسی بھی شخص کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔