بڈگام پولیس نے منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے بدھ کو دو مزید منشیات فروشوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
گرفتار شدہ منشیات فروشوں کی تحویل سے پولیس نے گیارہ اعشاریہ چار کیلو گرام بھنگ پاؤڈر بر آمد کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ خان صاحب پولیس اسٹیشن نے ایک مخصوص اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں ناکہ لگایا جس دوران دو مشکوک افراد کے قبضہ سے منشیات بر آمد کی۔
گرفتار کیے گئے ملزمین کی شناخت خان صاحب بڈگام کے مرشد احمد شاہ اور محمد عالم میر کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے اس معاملہ میں ایف آئی آر درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ بڈگام پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران منشیات فروشی کے الزام میں بیس سے زائد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ ان کی یہ مہم تب تک جاری رہے گی جب تک وہ ضلع بڈگام کو منشیات سے پاک نہیں کریں گے۔