جموں و کشمیر پولیس منشیات فروشوں کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھتے ہوئے اور اس بدعت کو سماج سے جڑ سے ختم کرنے کی کوششوں کو مضبوطی سے جاری رکھتے ہوئے، بڈگام پولیس نے یہاں ضلع میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے ممنوعہ مادہ برآمد کیا ہے۔ عالم ناگ پوشکر میں ناکہ ڈیوٹی کے دوران عالم ناگ سے پوشکر جانے والے ایک شخص نے پولیس پارٹی کی موجودگی کو دیکھ کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس پارٹی نے اس کا پیچھا کیا اور بڑی تدبیر سے مذکورہ شخص کو پکڑ لیا۔اس مذکورہ شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے چرس پاؤڈر جیسا مادہ 170 گرام اور 50 گرام چرس جیسا مادہ برآمد ہوا ہے۔ جس کے بعد اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار شدہ منشیات فروش کی شناخت ظہور احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکن عالم ناگ پوشکر کے طور پر بتائی ہے۔
اس ضمن میں ایک مقدمہ ایف آئی آر زیرِ نمبر 10/2023 جو کہ این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولس اسٹیشن کھاگ میں درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بڈگام پولیس نے رواں سال میں اب تک 16 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا ہے اور ان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ پچھلے سال میں بڈگام پولیس نے 69 ایف آئی آرز درج کر کے 122 افراد کو منشیات فروشی کے سلسلے میں گرفتار کر لیا اور 19 افراد کو پی ایس اے ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا اور ساتھ ہی 15 گاڈیوں کو بھی ضبط کر لیا گیا۔
دوسری جانب بڈگام پولیس نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز بڈگام میں ایس ایس پی بڈگام طاہر گیلانی کی صدارت میں 'منشیات کی لت سے بچاؤ' کے موضوع پر ایک یک روزہ بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں اسپرنگ بڈز ہائیر سیکنڈری اسکول اومپورہ اور برائٹ ہورائزن اسکول شیخ پورہ کے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز انچارج ڈرگ ڈی ایڈکشن سنٹر (ڈی پی ایل) بڈگام انشاء حسن نے 'منشیات کی لت اور اس سے بچاؤ' کے اقدامات پر ایک تفصیلی لیکچر دے کر کیا۔ بعدازاں اس پروگرام میں نشے کی لت سے بچاؤ موضوع پر ایک مباحثہ مقابلہ ہوا جس میں 12 طلباء نے حصہ لیا۔ جن بچوں نے اس مقابلے میں شرکت کی ان میں سے پہلی پوزیشن برائٹ ہورائزن اسکول کی ہائقہ گل اور اسپرنگ بڈز اسکول کی ایمن فروز نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔ وہیں اس مقابلے میں دوسری اور تیسری پوزیشن بالترتیب برائٹ ہورائزن سکول کی رضا لطیف اور تمنہ شاہ نے حاصل کی۔ چوتھی پوزیشن اسپرنگ بڈز اسکول کے حامی جاوید اور حمیرہ شیراز نے مشترکہ طور پر حاصل کی۔
پروگرام کا اختتام ڈپٹی ایس پی (پی) فیصل عارف ریشو نے کیا۔ تقریب کے اختتام پر ڈی پی ایل بڈگام کے احاطے میں منشیات کے خلاف ایک بیداری ریلی بھی نکالی گئی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بڈگام پولیس ضلع بھر میں منشیات کی لت سے بچاؤ کے موضوع پر اس طرح کے بیداری پروگرام اور بیداری ریلیاں منعقد کرتے رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ سرکاری ؤ غیر سرکاری تدریسی اداروں میں بھی ایسے پروگراموں کا اہتمام کیا جاتا ہے ساتھ ہی روڈ شوز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ اس سے نوجوان نسل کو منشیات کی اس گندی بدعت سے بچایا جا سکے اور اس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ایسے پروگراموں کے انعقاد کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے استعمال سے دور رکھنا اور ان کو بیدار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: Drug Peddler Arrested اوڑی میں منشیات فروش گرفتار