بڈگام (جموں و کشمیر): جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بڈگام کے سبدن، بمنہ علاقے میں ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن بڈگام کی ٹیم نے ایک شخص، جو ایک بیگ لیے ناکہ پار کرنے کی کوشش کر رہا تھا، کو پولیس پارٹی نے رکنے کا اشارہ کیا۔ بڈگام پولیس کے مطابق اس شخص نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم پولیس پارٹی نے اسے دھر لیا۔
بڈگام پولیس کے مطابق اس شخص کی تحویل میں موجود بیگ سے 2.5 کلو گرام پوست کا بھوسا بر آمد ہوا جبکہ اُس شخص کی ذاتی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 28 گرام وزنی چرس کو بھی ضبط کر لیا گیا۔ منشیات کو ضبط کرکے بڈگام پولیس نے منشیات فروش کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا۔ حراست میں لیے گئے منشیات فروش کی شناخت شفاعت احمد میر ولد بشیر احمد میر ساکنہ گلوان پورہ، بڈگام کے طور پر ظاہر کی گئی ہے۔
بڈگام پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 68/2023 این ڈی پی ایس ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن بڈگام میں درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ بڈگام پولیس نے رواں برس اب تک 31 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان ان کو سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے، ان منشیات فروشوں کی تحویل سے بھاری مقدار میں منشیات بھی ضبط کر لی گئی ہے۔ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران رواں برس بڈگام سمیت دیگر اضلاع میں بھی کئی منشیات فروشوں، عادی مجرموں پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق کرکے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: Pulwama Anti Narcotics Rally ضلع پلوامہ میں منشیات مخالف ریلی کا اہتمام